Monday , July 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / قطر سے فٹبال میزبانی واپس لینے عرب ممالک کا مطالبہ

قطر سے فٹبال میزبانی واپس لینے عرب ممالک کا مطالبہ

لندن۔17جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) دہشت گردی کی معاونت کا الزام عائد کرکے قطر سے تعلقات منقطع کرنے والے 6 عرب ممالک نے فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فٹبال ورلڈ کپ 2022 کی میزبانی قطر سے واپس لے۔تفصیلات کے مطابق سعودی عرب، یمن، موریطانیہ، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے مشترکہ طور پر فیفا کو ایک مکتوب لکھا ہے جس میں اس سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ چونکہ قطر دہشت گردوں کی معاونت میں ملوث ہے لہٰذا اس سے فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی واپس لے لی جائے۔ ان ممالک نے فیفا سے مطالبہ کیا کہ وہ فیفا کوڈ کے آرٹیکل 85 کے تحت قطر سے میزبانی چھینے جس کے تحت ہنگامی صورتحال میں اسے ایسا کرنے کا حق حاصل ہے۔خلیجی ممالک کی جانب سے تحریر کردہ خط کی نقل منظر عام پر نہیں آسکی جب کہ فیفا نے کہا ہے کہ صدر گیانی انفینٹینو کو فی الحال کوئی خط موصول نہیں ہوا ہے۔ فیفا کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ فیفا قطر 2022 کی مقامی آرگنائزنگ کمیٹی اور سپریم کمیٹی سے مسلسل رابطے میں ہے جس کا مقصد 2022 میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کا بہترین انعقاد ممکن بنانا ہے۔قطرکی حکومت کی ورلڈ کپ کے حوالے سے جاری سرگرمیوں سے واقف ذرائع نے کہا ہے کہ قطرکی حکومت کو یہ معلوم ہے کہ سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک ورلڈ کپ 2022 کی میزبانی قطر سے چھیننے کے لئے کوششیں کررہے ہیں تاہم انہیں باضابطہ طور پر کوئی خط موصول نہیں ہوا ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT