Saturday , September 23 2017
Home / عرب دنیا / قطر نے ایران کے ساتھ مکمل سفارتی تعلقات بحال کرلئے

قطر نے ایران کے ساتھ مکمل سفارتی تعلقات بحال کرلئے

اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تمام شعبوںمیں تعلقات بحال کرنے کا عزم ‘ وزارت خارجہ
دوبئی 24 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) قطر نے ایران کے ساتھ مکمل سفارتی تعلقات آج صبح کی اولین ساعتوں میں بحال کردئے ۔ اس طرح سے قطر نے عرب ممالک کے ایک اہم مطالبہ کی نفی کردی ہے ۔ قطر کا علاقہ کے عرب ممالک کے ساتھ تنازعہ چل رہا ہے ۔ ان ممالک نے قطر سے کہا تھا کہ وہ تہران کے ساتھ تعلقات کو ممکنہ حد تک کم کرتا جائے ۔ قطر نے ایران کے ساتھ مکمل سفارتی تعلقات کی بحالی کا اعلان کرتے ہوئے خلیجی عرب ممالک میں چل رہے سفارتی بحران کا کوئی تذکرہ نہیں کیا ۔ یہ بحران جون میں پیدا ہوا تھا جب قطر کے بری ‘ فضائی اور بحری حدود کو پڑوسی ممالک نے منقطع کردیا تھا ۔ تاہم قطر نے ایران کے ساتھ تعلقات بحال کرنے کا اعلان ایسے وقت میں کیا ہے جبکہ سعودی عرب نے قطری شاہی خاندان کے ایک فرد کی سرپرستی کا آغاز کیا ہے جنہیں 1972 کی بغاوت میں محل سے بیدخل کردیا گیا تھا ۔ مسٹر جیمس اے بیکر نے جو رائس یونیورسٹی میں ریسرچ فیلو ہیں اس تبدیلی پر کہا کہ قطر نے دکھا دیا ہے کہ وہ اب ایک مختلف سمت میں پیشرفت کریگا ۔ انہوں نے کہا کہ قطر کا یہ اقدام ایک سوچا سمجھا اور اچھا اقدام کہا جاسکتا ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ قطر اب اپنے علاقائی ممالک کے دباؤ کو تسلیم نہیں کریگا اور اپنے لئے علیحدہ راہ کا تعین کریگا ۔ قطر کی وزارت خارجہ نے آج صبح کی اولین ساعتوںم یں اعلان کیا تھا کہ اس کے سفیر تہران واپس ہوجائیں گے ۔ قطر نے 2016 کے اوائل میں ایران سے اپنے سفیر کو واپس طلب کرلیا تھا جب سعودی عرب نے ایک اہم شیعہ رہنما کو سزائے موت دی تھی ۔ اس سزا کے بعدایران میں دو سعودی سفارتی ٹھکانوں پر حملے بھی کئے گئے تھے ۔ قطر نے سعودی عرب سے اظہار یگانگت کیلئے اپنے سفیر کو واپس طلب کیا تھا ۔ وزارت خارجہ قطر کے جاری کردہ ایک مختصر بیان میں کہا گیا ہے کہ مملکت قطر اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو ہر شعبہ میں مستحکم کرنے کی خواہش رکھتی ہے ۔ وزارت خارجہ قطر نے اس پر مزید کوئی وضاحت نہیں کی اور نہ کوئی ریمارک کیا ہے ۔ گذشتہ سال اپنے سفیر کو ایران سے واپس بلانے کے باوجود قطر نے ایران کے ساتھ اپنے تجارتی اور کمرشیل تعلقات کو برقرار رکھا ہوا تھا ۔ قطر اور ایران میں ساحل پر گیس کے وافر ذخائر موجود ہیں۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT