Saturday , August 19 2017
Home / عرب دنیا / قطر نے بھی ایران سے سفارتی تعلقات توڑ دیئے

قطر نے بھی ایران سے سفارتی تعلقات توڑ دیئے

دوحہ ۔ 7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مشرقِ وسطیٰ میں سعودی عرب کے ایک اور اتحادی ملک قطر نے بھی ایران سے سفارتی تعلقات توڑتے ہوئے اپنا سفیر واپس بلانے کا اعلان کر دیا ہے۔ ایران اور سعودی عرب کے تعلقات میں تازہ کشیدگی سعودی حکام کی جانب سے ممتاز شیعہ عالم شیخ نمر باقر النمر کو سزائے موت دیے جانے پر پیدا ہوئی ہے۔ اس سے قبل کویت، بحرین، سوڈان اور جبوتی ایران کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات ختم کرچکے ہیں۔ ادھر ایران نے بھی سعودی عرب سے اپنے سفارتکار واپس بلالیے ہیں۔ دوسری جانب ایران اور سعودی عرب کے درمیان جاری کشیدگی کو کم کرنے کے لیے عراق نے ثالثی کردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے۔ عراقی وزیرخارجہ ابراہیم جعفری کا کہنا ہے کہ اگر کشیدگی کو طول دیا جاتا رہا تو پورا خطہ اس سے متاثر ہو سکتا ہے۔ خیال رہے کہ عراق ایک شیعہ اکثریتی ملک ہے اور اس کی سرحدیں ایران اور سعودی عرب دونوں کے ساتھ ملتی ہیں۔ چہارشنبہ کو عراقی وزیرخارجہ نے تہران میں اپنے ایرانی ہم منصب محمد جواد ظریف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ابراہیم جعفری نے شیعہ عالم شیخ نمر النمر کی سزائے موت کو ’جرم‘ قرار دیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس کے باوجود عراق ’ایران اور سعودی عرب کے درمیان تکلیف دہ کشیدگی کم کرنے‘ میں مدد کر سکتا ہے۔ عراقی وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ ہم ابتدائی لمحات ہی سے کشیدگی کم کرنے کے لیے متحرک ہیں، تاکہ کسی ایسے سانحے سے بچا جا سکے جس سے پورا خطہ متاثر ہوسکتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT