Thursday , September 21 2017
Home / دنیا / قطر کانفرنس، افغان طالبان کا شرکت کا اشارہ

قطر کانفرنس، افغان طالبان کا شرکت کا اشارہ

کابل۔ 23 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام)  افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے بات چیت کیلئے انٹرنیشنل کرائسس گروپ کی جانب سے قطر میں منعقد کی جانے والی کانفرنس میں افغان طالبان نے اپنا نمائندہ بھیجنے کا اشارہ دے دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان کے سیاسی دفتر کے نمائندے دوحہ میں ہفتے کے دن سائنس اور عالمی امور پر ہونے والی پاگواش کانفرنس میں شرکت کریں گے، جو تنازعات کو حل کرنے پر توجہ مرکوز کرنے کیلئے ایک نوبیل امن انعام یافتہ گروپ ہے۔  طالبان نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ کانفرنس کا مقصد افغان تنازع کے حل کی تلاش کرنا ہے جسے اب 15 سال ہو چکے ہیں۔ خیال رہے کہ یہ کانفرنس حالیہ افغان امن مذاکراتی عمل کا حصہ نہیں ہے جو گزشتہ سال جولائی میں طالبان کے بانی رہنما ملا عمر کی موت کی خبر منظر عام پر آنے کے بعد تعطل کا شکار ہو گئے تھے۔ افغان امن مذاکراتی عمل کی بحالی کیلئے چار فریقی گروپ کا تیسرا اجلاس 6 فروری کو اسلام آباد میں منعقد ہونے جا رہا ہے، جس میں افغانستان، پاکستان، چین اور امریکہ شامل ہیں۔ واضح رہے کہ اس اجلاس میں طالبان کا کوئی نمائندہ موجود نہیں ہے تاہم اس کا مقصد افغان حکومت اور عسکریت پسندوں کے درمیان ممکنہ طور پر مذاکراتی عمل کو بحال کرنے کیلئے کوششیں کرنا ہے۔ طالبان کا کہنا تھا کہ وہ پاگواش کی جانب سے آغاز کئے جانے والے اس ’صحت مندانہ موقع سے فائدہ‘ اٹھانے کا سوچ رہے ہیں، جس میں ہماری عوام کے قانونی مطالبے اور صرف ہماری پالیسی کو دنیا کے سامنے براہ راست لایا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT