Wednesday , August 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / قطر کو فٹبال کیلئے کینسر قرار دینے والا عہدہ دار بری

قطر کو فٹبال کیلئے کینسر قرار دینے والا عہدہ دار بری

دوسلڈارف ، 19 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جرمن فٹبال اسوسی ایشن کے سابق صدر تیو سوانسیگر کو عدالت نے قطر کے خلاف بیان دینے کے الزام سے بری کر دیا ہے۔ انھوں نے کہا تھا : ’’قطر دنیائے فٹبال کیلئے کینسر کی حیثیت رکھتا ہے۔‘‘ سوانسیگر نے جو 2012ء تک جرمنی کے فٹبال ادارہ کے سربراہ رہے، گزشتہ برس ایک سرکاری نشریاتی ادارہ پر یہ بیان دیا تھا کہ 2022ء کے ورلڈ کپ کی میزبانی قطر کو دینے کے فیصلے پر دوبارہ غور کیا جانا چاہئے۔ قطر کی فٹبال اسوسی ایشن نے اُن کے اس بیان پر ایک مقدمہ دائر کیا تھا کہ یہ بیان اُن کے ملک کی اجتماعی توہین ہے، لیکن جرمنی کی ایک مقامی عدالت نے فیصلہ سنایا ہے کہ اگرچہ یہ بیان جارحانہ ہے لیکن جرمنی کے قانون کے مطابق سوانسیگر اپنے بیان کے الفاظ تبدیل کرنے یا اسے نہ دہرانے کیلئے پابند نہیں ہیں۔ سوانسیگرکا موقف تھا کہ انھوں نے کبھی قطر کے لوگوں کی توہین نہیں کی۔ فرانسیسی نیوز ایجنسی ’اے ایف پی‘ سے گفتگو میں اُن کا کہنا تھا: ’’جب اتنے بڑے پیمانے پر اسکینڈل کی بات ہوتی ہے تو یہ واضح تنقید ہے۔‘‘ تیو سوانسیگر نے کہا کہ جرمنی کی ایک ریاست ہیسن کے نصف جتنے اس ملک میں انتہائی گرمی ہے، وہاں سفر کرنا آسان نہیں، وہاں انسانی حقوق کی پامالی ہوتی ہے اور وہاں ورلڈ کپ کا انعقاد ایک مذاق ہے۔‘ ‘ انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ’’میں مایوس ہوں کہ جرمنی سمیت تمام عہدے داروں نے اس فیصلے کو قبول کیسے کر لیا؟‘‘

TOPPOPULARRECENT