Wednesday , August 23 2017
Home / شہر کی خبریں / قلعہ گولکنڈہ کا کٹورہ حوض سوئمنگ پول میں تبدیل

قلعہ گولکنڈہ کا کٹورہ حوض سوئمنگ پول میں تبدیل

شاہ حاتم تالاب پر غیر مجاز تعمیرات کو روکنے کی ہدایت ، کمشنر بلدیہ کا دورہ
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : کمشنر و اسپیشل آفیسر جی ایچ ایم سی سومیش کمار نے تاریخی گولکنڈہ میں ایک کروڑ 25 لاکھ کے صرفہ سے جی ایچ ایم سی کی جانب سے سوئمنگ پول کی تعمیر کا اعلان کیا ہے ۔ سومیش کمار آج کاروان حلقہ اسمبلی کے علاقہ جات ٹولی چوکی ، حکیم پیٹ ، بلکاپور نالہ ، گولکنڈہ میں واقع شاہ حاتم تالاب اور کٹورا حوض کا دورہ کیا اور نالوں ، تالاب اور کنٹوں پر ناجائز قبضوں سے متعلق تفصیلی جائزہ لینے کے دوران اسبات کا اعلان کیا ۔ کمشنر نے بتایا کہ حکیم پیٹ نالہ کی توسیع کے لیے سابق میں ہی رقمی منظوری دی گئی تھی اور نالہ کی توسیع میں چند ناگزیر وجوہات کی بناء پر تعمیراتی کاموں کا آغاز نہیں کیا گیا تھا جس کی توسیع کے کاموں کے لیے دوبارہ تخمینہ رپورٹ تیار کر کے فوری تعمیراتی کاموں کا آغاز کیا جائے گا ۔ کمشنر نے شاہ حاتم تالاب کا معائنہ کرنے کے بعد انجینئرنگ شعبہ کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ تالاب میں بڑے پیمانے پر جاری عمارتوں کی غیر مجاز تعمیرات پر امتناع عائد کرنے کے علاوہ اس تالاب کو ناجائز قبضوں کا شکار ہونے سے محفوظ رکھنے کے لیے اقدامات کریں ۔ بعد ازاں گولکنڈہ قلعہ میں واقع کٹورا حوض کا معائنہ کیا اور اندرون ہفتہ سوئمنگ پول بنانے کے لیے تخمینہ رپورٹ تیار کرنے کی متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ سوئمنگ پول میں فاونٹین ، لائیٹنگ ، لینڈ اسکیپنگ کے علاوہ دیگر سہولتیں مہیا کی جائیں گی ۔ اس موقع پر کمشنر مسٹر سومیش کمار کے ہمراہ متعلقہ حلقہ کے رکن اسمبلی سنٹرل زون کمشنر مسٹر جی کشن ، ایڈیشنل کمشنر مسٹر روی کرن ، چیف انجینئر مسٹر سریش کمار اور دیگر موجود تھے ۔۔

TOPPOPULARRECENT