Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں آج کُل ہند کتاب میلہ کا آغاز

قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں آج کُل ہند کتاب میلہ کا آغاز

جناب محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر افتتاح کریں گے ، معزز شخصیتوں کی شرکت
حیدرآباد۔/11ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کل 12ڈسمبر کو قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں 19ویں کُل ہند کتاب میلہ 2015 کا افتتاح کریں گے۔ قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان نئی دہلی نے تلنگانہ اردو اکیڈیمی کے تعاون سے اس کتاب میلہ کا اہتمام کیا ہے جو 20 ڈسمبر تک جاری رہے گا۔ افتتاحی تقریب میں مرکزی وزیر بنڈارودتاتریہ، وائس چانسلر اردو یونیورسٹی ڈاکٹر اسلم پرویز، سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل اور دیگر عہدیدار شرکت کریں گے۔ ڈائرکٹر قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان پروفیسر ارتضیٰ کریم نے کتاب میلہ کے انتظامات کے سلسلہ میں سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور سے بات چیت کی۔ انہوں نے بتایا کہ تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور ملک بھر سے مختلف 75 ناشرین نے اپنے اسٹالس قائم کئے ہیں۔ خطاطی کا خصوصی اسٹال رہے گا۔ پروفیسر ایس اے شکور کے مطابق 10دن تک مختلف تہذیبی اور ثقافتی پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ 12ڈسمبر کو 4بجے شام افتتاحی تقریب منعقد ہوگی جبکہ اتوار 13ڈسمبر کو صبح 11تا دوپہر ایک بجے دن تخلیق کار اور فنکار سے ملاقات پروگرام رہے گا۔ 6بجے شام تا 9بجے شب ’ شام غزل ‘ منعقد ہوگی۔ 14ڈسمبر کو شام 6تا 9بجے شب صوفیانہ قوالی کا پروگرام ہوگا۔ 15ڈسمبر صبح 11تا ایک بجے دن کتابوں پر تبصرہ اور شام 6تا9بجے شب ’ شام افسانہ ‘ کا اہتمام کیا جائے گا۔ 16ڈسمبر کو دوپہر تک طلباء و طالبات کیلئے کوئیز مقابلوں کا اہتمام کیا جائے گا جبکہ سہ پہر 3تا شام 6بجے بیت بازی کے مقابلے ہوں گے۔ 17ڈسمبر شام 6بجے ’ شام غزل ‘ منعقد ہوگی۔ جمعہ 18ڈسمبر کی شام ادبی مشاعرہ اور ہفتہ کو مزاحیہ مشاعرہ کا اہتمام کیا جائے گا۔ مشاعرہ میں تلنگانہ کے شعراء کے علاوہ دہلی کے بعض شعراء شرکت کریں گے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے آج کتاب میلہ کے انتظامات کا معائنہ کیا اور مختلف ناشرین سے ملاقات کی۔ انہوں نے اردو داں طبقہ سے اپیل کی کہ وہ اس کتاب میلہ کو کامیاب بنائیں۔

TOPPOPULARRECENT