Saturday , September 23 2017
Home / Top Stories / قندھار فوجی اڈ ہ پر طالبان حملہ، 26 افغان سپاہی ہلاک

قندھار فوجی اڈ ہ پر طالبان حملہ، 26 افغان سپاہی ہلاک

سینکڑوں طالبان کی یلغار، 80 تخریب کاروں کو ہلاک کرنے حکومت کا دعویٰ
قندھار ۔ 26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے کم سے کم 26 سپاہی صوبہ قندھار میں ایک فوجی اڈہ پر طالبان حملے کے نتیجہ میں ہلاک اور دیگر 13 زخمی ہو گئے۔ وزارت دفاع نے یہ اطلاع دی۔ اس حملے سے افغان سیکوریٹی فورسیس کو زبردست دھکا لگا جواس جنگ زدہ ملک میں بحالی امن کی سخت جدوجہد میں مصروف ہیں۔ وزارت دفاع کے ترجمان دولت وزیری نے کہا کہ قندھار کے ضلع خاکریز میں کارزامی فوجی کیمپ پر عسکریت پسندوں نے کل رات حملہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ افغان سپاہیوں نے پوری بہادری کے ساتھ مزاحمت کی اور اس کارروائی میں 80 سے زائد تخریب کار مارے گئے۔ اس علاقہ کے افراد نے کہا کہ 30 گاڑیوں پر مشتمل تخریب کاروں کا ایک قافلہ سینکڑوں طالبان کے ساتھ یہاں پہنچا تھا اور مختلف سمتوں سے فوجی اڈہ کو تباہ کن حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ اس دوران فضائیہ کی مدد طلب کی گئی۔ تاہم عہدیداروں نے اس کی توثیق نہیں کی ہے۔ تخریب کاروں نے اپنے ٹوئیٹر اکاؤنٹ پر یہ دعویٰ کیا ہے۔ ایک نئی طاقت کے ساتھ ابھرنے والے طالبان اب متحارب سرکاری فورسیس کے خلاف حملوں میں شدت پیداکررہے ہیں، جس سے موسم گرما کے دوران اس جنگ زدہ ملک میں لڑائیوں کے سبب بڑھتے ہوئے عدم تحفظ و سلامتی کا اظہار ہوتا ہے۔ امریکہ کی زیرقیادت ناٹو سپاہیوں کی جانب سے ڈسمبر 2014ء میں جنگی مہم ختم کرنے کے بعد افغان سیکوریٹی فورسیس ہلاکتوں، فوج چھوڑ کر فرار ہونے کے واقعات اور پے رول پر درج غیرموجود سپاہیوں جیسے کئی مسائل سے دوچار رہنے کے باوجود تخریب کاروں کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT