Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / قوت بصارت سے محروم طلبہ کے لیے سیاست کی جانب سے کمپیوٹرس اور پرنٹر کا عطیہ

قوت بصارت سے محروم طلبہ کے لیے سیاست کی جانب سے کمپیوٹرس اور پرنٹر کا عطیہ

آئیڈیل انفارمیشن سنٹر فار بلائنڈ کی ممکنہ مدد کرنے جناب زاہد علی خاں کا تیقن
حیدرآباد ۔ 23 ۔ دسمبر : ( نمائندہ خصوصی) : قوموں کی ترقی ان کی کامیابی و کامرانی میں انفارمیشن ٹکنالوجی اہم رول ادا کررہی ہے ۔ اس ٹکنالوجی کے استعمال سے جہاں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہورہے ہیں ۔ وہیں مختلف شعبوں میں تحقیق کی راہیں بھی کھل رہی ہیں ۔ ایسے میں مسلمانوں کو بھی انفارمیشن ٹکنالوجی کا بہتر اور مثبت انداز میں استعمال کرنا ہوگا ۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ آج مسلم طلباء وطالبات ان کے والدین انفارمیشن ٹکنالوجی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں ۔ مسلمانوں میں اس تعلق سے شعور بیداری کے لیے ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں بھر پور کوشش کررہے ہیں اور اس کے بہتر نتائج بھی برآمد ہورہے ہیں ۔ ہمارے شہر میں آئیڈیل انفارمیشن سنٹر فار ڈس ایبل بھی ایک ایسا منفرد ادارہ ہے جس نے قوت سماعت و بصارت اور گویائی سے محروم طلباء و طالبات کو روزگار سے مربوط کورس کی تربیت فراہم کررہا ہے ۔ اس ادارہ کے تحت قوت بصارت سے محروم طلبہ کے لیے مہدی پٹنم میں آئیڈیل انفارمیشن سنٹر فار بلائنڈ اور عثمان پورہ میں آئیڈیل اسکول فار ڈیف چلائے جاتے ہیں جہاں بالترتیب 30 اور 80 طلباء وطالبات تربیت حاصل کررہے ہیں ۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے ان اداروں کی حسن کارکردگی سے متاثر ہو کر روزنامہ سیاست کی جانب سے انہیں ممکنہ سہولتیں فراہم کرنے کا تیقن دیا ہے انہوں نے آج دفتر سیاست میں آئیڈیل انفارمیشن سنٹر فار بلائنڈ کے نائب صدر شیخ ذکی الحسن ، ارکان عاملہ جناب عرفان مانیار اور نوید الرحمن کو قوت بصارت سے محروم طلبہ کے انسٹی ٹیوٹ کے لیے تین کمپیوٹر سسٹمس اور ایک پرنٹر حوالے کیا ۔ منیجنگ ایڈیٹر سیاست جناب ظہیر الدین علی خاں ، تلگو دیشم قائدین علی مسقطی اور علی الگتمی کی موجودگی میں کمپیوٹر سسٹم اور پرنٹرس حاصل کرتے ہوئے آئیڈیل انفارمیشن سنٹر فار بلائنڈ صفا ارکیڈ مہدی پٹنم کے عہدیداروں نے جناب زاہد علی خاں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ سیاست کا یہ گرانقدر عطیہ طلبہ کے لیے ایک نعمت غیر مترقبہ ثابت ہوگا ۔ ان لوگوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کے ادارے میں بلا لحاظ مذہب و ملت نابینا طلبہ کو کمپیوٹر کورس کے علاوہ اکاونٹس کے کورس کرائے جاتے ہیں ۔۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT