Sunday , August 20 2017
Home / ہندوستان / قوم کے وجود پر سوال غداری کے مترادف : جتیندرسنگھ

قوم کے وجود پر سوال غداری کے مترادف : جتیندرسنگھ

حکومت پر طلبا کو ہراساں کرنے کا الزام بے بنیاد۔ دفتر وزیر اعظم کے منسٹر آف اسٹیٹ کا ادعا
جموں 16 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) اختلاف جمہوریت کا لازمی حصہ ہے لیکن قوم کے وجود اور اس کی بقا کے تعلق سے سوال کرنا غداری کے مترادف ہے ۔ مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے آج یہ بات کہی ۔ انہوں نے جواہر لال نہرو یونیورسٹی مسئلہ پر حکومت کو نشانہ بنانے والی سیاسی جماعتوں پر تنقید کی ۔ انہوں نے یہاں ایک خانگی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب کوئی آپ کی بقا اور یکجہتی پر ہی سوال کرتا ہے تو پھر یہ بات ناراضگی کی حدوں سے پرے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ناراضگی یا اختلاف رائے جمہوریت کا لازمی حصہ ہے لیکن جب یہ حدود سے تجاوز کرجاتی ہے اور قوم کی یکجہتی اور اتحاد کو چیلنج کرتی ہے تو پھر یہ اختلاف نہیں رہتا بلکہ یہ غداری ہے ۔ مسٹر جتیندر سنگھ دفتر وزیر اعظم کے منسٹر آف اسٹیٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب قوم نے ایک خط فاصل کھینچ دی ہے کہ سیاست کہاں ختم ہوجانی چاہئے ۔

اب یہ ہمارے لئے ہے ک ہم یہ سمجھیں کہ ناراضگی اور اختلاف کہاں ختم ہوتا ہے اور غداری کہاں شروع ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی سب سے ترقی یافتہ جمہوریتیں جیسے امریکہ اور برطانیہ میں بھی ایسے مسائل پر اتفاق رائے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ جماعتوں کی جانب سے یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ حکومت طلبا کو ہراساں کر رہی ہے لیکن یہ تاثر غلط ہے ۔ جے این یو کے واقعات کو لشکرطیبہ سے جوڑنے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے ریمارکس کے تعلق سے سوال پر جتیندر سنگھ نے کہا کہ جب وزیر داخلہ نے اس مسئلہ پر بات کی تو سب کچھ واضح ہوگیا ہے ۔ راج ناتھ سنگھ نے اتوار کو کہا تھا کہ جواہر لال نہرو یونیورسٹکی میں جو واقعہ پیش آیا تھا اس کو لشکرطیبہ کے سربراہ حافظ سعید کی تائید حاصل تھی ۔ انہوں نے کہا تھا کہ یہ ایک حقیقت ہے اور قوم کو اسے سمجھنے کی ضرورت ہے ۔ جے این یو میں گذشتہ چند دن سے ہنگامہ چل رہا ہے جب وہاں پارلیمنٹ حملہ کیس کے ملزم افضل گرو کی تائید میں ایک مظاہرہ کیا گیا تھا اور حکومت کا الزام ہے کہ اس وقت وہاں قوم مخالف نعرے لگائے گئے تھے ۔ اس سلسلہ میں پولیس نے جے این یو اسٹوڈنٹس یونین لیڈر کنہیا لال کو گرفتار کرلیا ہے ۔

ناتھو رام گوڈسے ‘ قوم پرست : ہندو مہاسبھا
میرٹھ 16 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) غداری اور قوم پرستی کے تعلق سے بڑھتے مباحث کے دوران اکھ بھارتیہ ہندو مہاسبھا نے گاندھی جی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کو ایک عظیم قو پرست قرار دیا ہے ۔ مہاسبھا کے نائب صدر اشوک کمار شرما نے کہا کہ گوڈسے ایک مفکر ‘ فلاسفر ‘ مصنف اور ایک عظیم محب وطن تھا اور ہمیشہ رہے گا ۔

TOPPOPULARRECENT