Wednesday , September 27 2017
Home / شہر کی خبریں / قیدیوں سے ملاقات کیلئے آدھار کے لزوم کا منصوبہ

قیدیوں سے ملاقات کیلئے آدھار کے لزوم کا منصوبہ

مجرمین کی شناخت کیلئے تلنگانہ کے محکمہ محابس کا اقدام
حیدرآباد 11 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) تلنگانہ کی جیلوں میں قیدیوں سے ملاقات کے لئے پہونچنے والے تمام افراد کے لئے مستقبل قریب میں آدھار کارڈ کی پیشکشی لازمی ہوجائے گی۔ جیلوں میں مجرمین کی آمد و رفت کا پتہ چلانے کے لئے دشوار گذار مسئلہ کا حل تلنگانہ کے محکمہ محابس نے آدھار کارڈ کی صورت میں تلاش کرلیا ہے۔ ملاقاتیوں کی صحیح شناخت کی ہندوستانی اتھاریٹی برائے منفرد شناخت کی لئے گئے انگلیوں کے نشان اور دیگر بائیو میٹرک طریقوں سے توثیق کی جائے گی۔ محابس تلنگانہ کے انسپکٹر جنرل اے نرسمہا نے کہاکہ ’’قیدیوں سے ملاقات کے لئے جیل پہونچنے والے ملاقاتیوں کی شناخت کو ہم یقینی بنانا چاہتے ہیں۔ دہشت گرد اور غیر سماجی عناصر بھی اپنی مجرمانہ سرگرمیوں کے لئے جیل پہونچ کر قیدیوں سے ملاقات کی کوشش کرسکتے ہیں۔ اس مقصد کے لئے وہ جعلی شناخت پیش کرسکتے ہیں لیکن جیلوں میں آدھار کارڈ کے ذریعہ صحیح شناخت کی یقینی توثیق بھی ہوسکتی ہے۔ جس میں جعل سازی یا دھوکہ دہی کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہتی۔ علاوہ ازیں قیدیوں سے ملاقات کیلئے پہونچنے والوں کی دیگر تفصیلات بھی حاصل ہوسکتی ہیں۔ حتیٰ کہ بیرون ریاست سے پہونچنے والوں کے بارے میں پتہ چلایا جاسکتا ہے کہ آیا وہ مجرمانہ پس منظر رکھتے ہیں‘‘۔ اے نرسمہا نے توقع ظاہر کی کہ آئندہ دو ماہ کے دوران یہ طریقہ کار نافذ کیا جاسکتا ہے۔ جس کے تحت سب سے پہلے سنٹرل جیلس بعدازاں ڈسٹرکٹ جیلس میں یہ طریقہ کار رائج کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT