Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / لائبریریوں کو عصری سہولتوں سے آراستہ کرنے اور ترقی دینے کی تجویز

لائبریریوں کو عصری سہولتوں سے آراستہ کرنے اور ترقی دینے کی تجویز

کمشنر بلدیہ رمنا چاری ، ہری کرشنا اور ایس سرینواس کے ساتھ دورہ
حیدرآباد۔6اپریل (سیاست نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے شہر میں موجود تمام کتب خانو ںکو عصری سہولتوں سے آراستہ کرتے ہوئے ان کی ترقی کے متعلق منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اوربہت جلد جی ایچ ایم سی کے تعاون سے دونوں شہرو ںمیں موجود لائبریریوں کے معیار کو بہتر بنانے کے علاوہ شہر کی اہم لائبریریوں کو ای۔لائبریری میں تبدیل کرنے کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے دونوں شہروں کی بیشتر لائبریریوں کو بہتر بنانے اور ان لائبریریوں میں مطالعہ کیلئے پہنچنے والوں کے لئے بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے علاوہ انہیں پرسکون ماحول کی فراہمی کو ممکن بنانے کے اقدامات کی منصوبہ بندی کی ہدایت دی۔ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی کے ہمراہ مشیر برائے ریاستی حکومت مسٹر رمنا چاری‘ ڈائریکٹر کلچرل مسٹر ہری کرشنا‘ مسٹر ایس سرینواس کے علاوہ صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ گرندھالیہ سمستھا مسٹراے سری دھر‘ مسٹر دیشپانڈے‘و دیگر عہدیدار موجود تھے۔ جی ایچ ایم سی حدود میں چلائی جانے والی لائبریریوں کی صورتحال کے متعلق متعدد شکایات موصول ہونے کے بعد وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ فوری شہری حدود میں موجود تمام کتب خانوں کی صورتحال پر جامع رپورٹ تیار کریں تاکہ ان کی ترقی اور انہیں عصری بنانے کے لئے اقدامات کا فوری آغاز کیا جاسکے۔مسٹر کے ٹی راما راؤ کی ہدایت پر کتب خانوں کے اس معائنہ کے بعد عہدیداداروں نے بتایا کہ سٹی گرندھالیہ سمستھا کے تحت چلائے جانے والی لائبریریوں کی حالت انتہائی ابتر ہے لیکن اس ابتر صورتحال کو بہتر بنانا کوئی مشکل کام نہیں ہے لیکن ای۔ لائبریری کے دور میں کاغذ کے ورق پلٹنے کا کلچر تیزی سے ختم ہوتا جا رہا ہے اسی لئے لائبریریوں کو بھی عصری بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور شہر کے تمام قدیم اخبارات اور رسائل کے علاوہ نادر کتب و مخطوطات کو محفوظ کرنے کیلئے انہیں ڈیجٹلائز کیا جا رہا ہے اس کام میں مزید تیزی لاتے ہوئے ان کے ڈیجٹلائزیشن کو بہت جلد مکمل کرلیا جائے گا تاکہ لوگ کسی بھی مقام سے لائبریری میں موجود مواد کا مطالعہ کرسکیں۔ عہدیداروں کے بموجب شہر حیدرآباد میں موجود لائبریریوں کو عصری بنانے اور شہر میں مطالعہ کے رجحان کو فروغ دینے کے لئے مختلف عہدیداروں و متعلقہ شعبہ جات سے تجاویز وصول کرتے ہوئے ریاستی حکومت کو سفارشات روانہ کردی جائیں گی اور بہت جلد ان کتب خانوں کو عصری سہولتوں سے آراستہ کرنے کے ساتھ ان میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور آرام دہ فرنیچر کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT