Wednesday , September 20 2017
Home / Top Stories / لائین آف کنٹرول پر پاکستان کی پھر شلباری

لائین آف کنٹرول پر پاکستان کی پھر شلباری

۔1000 افراد کا تخلیہ ‘عمارتوں کو شدید نقصان ‘ اسکولس بند
جموں 14 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی افواج نے راجوری ضلع میں لائین آف کنٹرول پر بھاری شلباری کی ہے ۔ یہ مسلسل دوسرے دن دوسری مرتبہ کی گئی شلباری تھی جس کے نتیجہ میں وہاں عمارتوں کو بھاری نقصان ہوا ہے ۔ اس فائرنگ کے نتیجہ میں سرحدی گاووں سے تقریبا 1000 افراد کا تخلیہ کروانا پڑا ہے ۔ ہندوستانی فوج نے بھی اس فائرنگ کا موثر جواب دیا ہے ۔ پاکستانی فوج کی جانب سے کل بھی شہری علاقوں اور سرحدی ٹھکانوں پر نوشیرہ علاقہ میں مورٹار بندوقوں سے فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجہ میں دو شہری ہلاک اور تین زخمی ہوگئے تھے ۔ ایک دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے آج صبح 6.45 بجے سے چھوٹے ہتھیاروں سے بلا اشتعال فائرنگ کا آغاز کیا تھا ۔ ہندوستانی فوجی ٹھکانوں کی جانب سے طاقتور اور موثر جوابی کارروائی کی گئی ہے ۔ ترجمان کے بموجب فائرنگ کا سلسلہ ہنوز جاری تھا ۔ ڈپٹی کمشنر راجوری شاہد اقبال چودھری نے کہا کہ چٹی بکری علاقہ میں جنگ بندی کی تازہ خلاف ورزیوں کی بھی اطلاع ملی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ منجا کوٹے علاقہ میں صبح 6.20 بجے سے شدید شلباری کا آغاز ہوا تھا ۔ اس کے نتیجہ میں کم از کم سات گاوں متاثر رہے ہیں۔ چودھری نے کہا کہ اس علاقہ میں عمارتوں کو بھاری نقصان ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کل رات سے پناہ گزین کیمپوں کو منتقل کئے گئے افراد کی تعداد 978 تک پہونچ گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ تین گاووں سے جملہ 259 خاندانوں کو منتقل کیا گیا ہے ۔ نوشیرہ میں 51 اسکولس غیر معینہ مدت کیلئے بند کردئے گئے ہیں۔ منجا کوٹہ اور ڈونگی زونس میں 36 اسکولس کو تین دن کیلئے بند کیا گیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT