Tuesday , June 27 2017
Home / سیاسیات / لالو پرساد کا چارہ اسکام مقدمہ پر تبصرہ سے گریز

لالو پرساد کا چارہ اسکام مقدمہ پر تبصرہ سے گریز

پٹنہ۔10 مئی (سیاست ڈاٹ کام) صدر راشٹریہ جنتا دل لالو پرساد یادو نے سپریم کورٹ کے فیصلہ پر کسی بھی تبصرہ سے انکار کردیا جس میں انہیں کئی کروڑ کے چارہ اسکام سے متعلق مقدمات میں ہر مقدمہ میں علیحدہ قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنے کی ہدایت دی گئی۔ لالو پرساد یادو ان مقدمات میں ملزم ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے جب ان سے اس بارے میں سوال کیا کہ انہوں نے فوری کہا کہ ’’کوئی تبصرہ نہیں، میرے وکلاء اس مسئلہ پر بات کریں گے‘‘۔ آر جے ڈی سربراہ نے پہلی مرتبہ سپریم کورٹ کے سنائے گئے فیصلہ کے دو دن بعد اپنی خاموشی توڑی۔ عدالت نے انہیں ہر مقدمہ میں علیحدہ طور پر قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنے کیلئے کہا ہے۔ ان کی اہلیہ رابڑی دیوی کی سرکاری رہائش گاہ کے دروازے دو دن سے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کیلئے بند ہیں۔ آر جے ڈی سربراہ کو سپریم کورٹ کے اس فیصلے سے شدید دھکہ پہنچا ہے کیونکہ وہ چارہ اسکام مقدمات میں ملزم ہیں اور اگر انہیں قصوروار قرار دیا جائے تو ہر مقدمہ علیحدہ سزا ہوگی۔ اس اسکام سے تعلق رکھنے والے مقدمات کی جملہ تعداد 64 ہے اور لالو پرساد یادو 6 مقدمات میں ملزم ہیں۔ انہیں پہلے ہی ایک مقدمہ میں مجرم قرار دیا جاچکا ہے جو 1994-95ء میں چائی باسا ٹریژری سے دھوکہ دہی کے ذریعہ 37.70 کروڑ روپئے منہا کرنے سے متعلق ہے۔ اس وقت لالو پرساد یادو ضمانت پر ہیں۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین میں چھیڑ چھاڑ کے تعلق سے پوچھے گئے ایک اور سوال پر لالو پرساد یادو نے کہا کہ آر جے ڈی کے قومی ترجمان منوج جھا اس مسئلہ پر 12 مئی کو الیکشن کمیشن کے منعقد شدنی اجلاس میں نمائندگی کریں گے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT