Tuesday , October 17 2017
Home / سیاسیات / لالو یادو کے ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کے بعد جے ڈی یو کی اہم میٹنگ

لالو یادو کے ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کے بعد جے ڈی یو کی اہم میٹنگ

پٹنہ۔ 11 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) بہار میں برسراقتدار مہاگٹھ بندھن کی بڑی پارٹی راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو کے ٹھکانوں پر گزشتہ دنوں مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کے دھاؤںکے بعد سیاسی گہما گہمی کے درمیان آج مہاگٹھ بندھن کی اہم پارٹی جنتا دل یونائٹیڈ (جے ڈی یو) نے کہاکہ وزیر اعلی نتیش کمار اپنے اصول سے کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔جے ڈی یو کے قومی صدر اور وزیر اعلی نتیش کمار کی سرکاری رہائش گاہ پر جے ڈی یوقانون ساز کونسل کے اراکین،اضلاع کے صدور اور مختلف سیل کے صدور اس اہم اجلاس میں شامل ہوئے ہیں۔اس سے قبل پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق ایم ایل سی سنجے جھا نے کہا کہ وزیر اعلی نتیش کمار نے سیاست میں کبھی بھی اپنے اصولوں سے سمجھوتہ نہیں کیا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اجلاس میں کس ایجنڈے پر تبادلہ خیال ہو گا، اس کی انہیں اطلاع نہیں ہے ۔جے ڈی یو کے سابق ریاستی صدر ادے نارائن چودھری، قومی جنرل سکریٹری شیام رجک، جے ڈی یوکوٹہ سے مہاگٹھ بندھن کی حکومت میں وزیر صنعت جے کمار سنگھ نے بھی کہا کہ نتیش کمار سیاست میں کبھی بھی اپنے اصولوں سے سمجھوتہ کرنے والے نہیں ہے ۔ اجلاس کے بعد ہی انھیں یہ پتہ چل سکے گا کہ جے ڈی یو نے کیا فیصلہ کیا ہے ۔اس درمیان جے ڈی یو کے اجلاس کے تعلق سے آر جے ڈی کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگیا ہے اور پارٹی کے وزرا، ارکان اسمبلی اور قانون ساز کونسلرس آر جے ڈی صدر لالو پرساد یادو کی رہائش گاہ دس سرکلر روڈ پر یکجا ہونے لگے ہیں ۔ آر جے ڈی صدر کی حمایت میں مضبوطی سے کھڑی کانگریس پارٹی بھی اجلاس پر نظر رکھی ہوئی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT