Monday , October 23 2017
Home / Top Stories / لانس نائک ہنومنتھپا کا انتقال ، ملک گیر سطح پر سوگ

لانس نائک ہنومنتھپا کا انتقال ، ملک گیر سطح پر سوگ

پورے سرکاری اعزازات کے ساتھ آخری رسومات کا اعلان ، قائدین اور فوج کے تعزیتی بیانات

بنگلورو / نئی دہلی ۔ /11 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) لانس نائک ہنومنتھپا کوپڑ کی آخری رسومات پورے سرکاری اعزازات کے ساتھ کل ان کے آبائی دیہات ضلع دھارواڑ میں ادا کی جائیں گی ۔ ان کو 6 دن تک برف میں دبے رہنے کے بعد زندہ بچالیا گیا تھا اور وہ فوجی ہاسپٹل میں زیرعلاج تھے ۔ لیکن آج انہوں نے آخری سانس لی ۔ چیف منسٹر کرناٹک سدارامیا ہبلی ایرپورٹ پر ان کی نعش حاصل کریں گے اور خراج عقیدت پیش کریں گے ۔ عوام کے دیدار کیلئے ان کی نعش کیمس ہاسپٹل ہبلی میں رکھی جائے گی ۔ ضلع کے انچارج منسٹر ونئے کلکرنی نے کہا کہ پورے سرکاری اعزازات کے ساتھ ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی ۔ جس کے تمام انتظامات کئے جاچکے ہیں ۔ نئی دہلی سے سے موصولہ اطلاع کے بموجب سیاچن کے ہیرولانس نائک ہنومنتھپا کوپڑ کی انتقال ملتے ہی ملک بھر میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ۔ وزیراعظم نریندر مودی ، کانگریس صدر سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی سمیت متعدد لیڈروں نے ان کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

مسٹر مودی نے کہا کہ وہ ہمیں اداس اور پریشان چھوڑگئے ۔لانس نائک ہنومنتھپا کی روح کو سکون پہونچنے کی دعا کرتے ہوئے انہیں نے کہا ’’ایک فوجی کے طور پر آپ ہمیشہ زندہ رہیں گے ۔ ہمیں اس بات پر ناز ہے کہ آپ جیسے شہیدوں نے ہندوستان کی خدمات انجام دی ہیں ‘‘ ۔ محترمہ گاندھی نے لانس نائک ہنومنتھپا کے انتقال پر گہرا افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے اس بہادر بیٹے نے اپنی زندگی میں پورے ملک کو ایک کردیا ہے ان کے لئے پورے ملک نے ایک آواز ہوکر دعا کی ہے اور ہر ہندوستانی ان کے انتقال سے دکھی ہے وہ اپنی زندگی کے آخری لمحوں میں ہمت و حوصلے سے لڑتے رہے جو ہمارے فوجیوں کی خاص خوبی ہے ۔ کانگریس صدر نے لانس نائک کے لواحقین کے تیئں ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔ کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے بھی لانس نائک ہنومنتھپا کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی زندگی نے پوری دنیا کو ہمت و حوصلے کے معنی بتائے ۔ صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے اپنے پیام تعزیت میں کہا کہ انہوں نے اپنا فرض ادا کرتے ہوئے عظیم ترین قربانی پیش کی ہے ۔

نائب صدرجمہوریہ حامد انصاری نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سیاچن کے مہلوکین کے ورثاء کے رنج و غم میں برابر کا شریک ہونے کا اظہار کیا ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہنومنتھپا کی شخصیت میں موجود فوجی امر رہے گا ۔ سربراہ فوج جنرل دلبیر سنگھ  نے کہا کہ وہ آئندہ کئی نسلوں کیلئے وجہ تحریک بنے رہیں گے ۔ اسپیکر سمترا مہاجن نے کہا کہ ہنومنتھپا نے ایک شاندار روایت قائم کی ہے ۔ مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے ان کے ورثاء کو صبر جمیل عطا کرنے کی خدا سے دعا کی ۔ بنڈارو دتاتریہ نے کہا کہ وہ وطن کے ایک دلیر سپوت تھے ۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی اور بہار نتیش کمار نے ارکان خاندان کو تعزیت پیش کی ۔ چیف منسٹر اڈیشہ نوین پٹنائک ، چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ اور دیگر سیاسی قائدین نے سیاسی خطوط سے بالاتر ہوکر ہنومنتھپا کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ بائیں بازو نے مطالبہ کیا کہ ان کے ورثاء کو مثالی معاوضہ ادا کیا جانا چاہئیے ۔ سی پی آئی کے جنرل سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی نے کہا کہ حکومت کو ان کے ارکان خاندان میں سے ایک کو ملازمت بھی فراہم کرنی چاہئیے ۔ سی پی آئی ایم کے جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری نے ٹوئٹر پر تحریر کیا کہ وہ ہنومنتھپا کے ورثہ سے اظہار تعزیت کرتے ہیں ۔ سینئر بی جے پی قائدین نے کہا کہ ہنومنتھپا کی زندگی ہر ایک کیلئے مشعل راہ ہے ۔

TOPPOPULARRECENT