Monday , May 29 2017
Home / کھیل کی خبریں / لاہور میں آج پی ایس ایل فائنل ، پاکستانی حکام کا سخت امتحان

لاہور میں آج پی ایس ایل فائنل ، پاکستانی حکام کا سخت امتحان

لاہور۔ 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکائی کرکٹ ٹیم پر لاہور میں 3 مارچ 2009ء کو دہشت گرد حملہ ہوا تھا جس کے بعد سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کیلئے دروازے بند ہوئے ہیں لیکن کل یہاں قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل کوئٹہ گلیاڈیئٹرس اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جارہا ہے جس سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے علاوہ یہاں کے کروڑہا کرکٹ شائقین کو ایک نئی اُمید ملی ہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ جلد بحال ہوگی۔ پی ایس ایل کے دوسرے سیزن کے کل یہاں کھیلے جانے والے فائنل کے متعلق جہاں پاکستانی کرکٹ شائقین میں خوشی، جوش و جذبہ ہے، وہیں ارباب مجاز کیلئے یہ انتہائی سخت امتحان ہوگا کیونکہ ایک جانب اس لیگ کے فائنل کے کامیاب انعقاد سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کیلئے اقدامات کئے جاسکتے ہیں تو دوسری جانب ناگہانی حادثہ کی صورت میں اسے مزید ایک دہے تک کرکٹ کا نقصان برداشت کرنا پڑسکتا ہے۔ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل فائنل کیلئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جبکہ بیرون ممالک سے یہاں پہنچنے والے کھلاڑیوں کی مختصر فہرست مرتب کرنے کے علاوہ ان کیلئے ویزے بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔ بلٹ پروف گاڑیاں ایرپورٹ پہنچ گئی ہیں۔ کھلاڑیوں کو اسٹیڈیم تک لے جانے کیلئے سخت حفاظتی انتظامات کو نہ صرف مکمل کیا گیا ہے بلکہ ریہرسل بھی کیا گیا ہے۔ لاہور فائنل میں شرکت کیلئے ویسے تو بین الاقوامی شہرت یافتہ کوئی کھلاڑی پاکستان نہیں آرہا ہے لیکن جن کھلاڑیوں کا نام جاری کیا گیا ہے، ان میں زمبابوے کے ایلٹن چکمبورا، پاکستانی نژاد برطانوی کھلاڑی اشعر زیدی، گریگ رچرڈ، الیگزینڈر گرائم، ریان نیل، جوشوا جیمس، سین مائیکل اور ولیم کیسرک قابل ذکر ہیں۔ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فائنل کیلئے پاکستانی کرکٹ شائقین میں جہاں ایک جانب کافی جوش و جذبہ ہے، وہیں ٹکٹوں کی بلیک مارکیٹنگ عروج پر ہے۔ 500 روپئے قیمت کی ٹکٹیں 4,000 روپئے میں فروخت ہورہی ہیں اور پولیس نے گرفتاریاں بھی کی ہیں۔ سخت ترین سکیورٹی انتظامات کے تحت میدان پہنچنے والے شائقین کو پانچ مختلف مقامات پر چیک کیا جائے گا۔ پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء نے لاہور کے اسٹیڈیم میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے کہا کہ فائنل کیلئے ہائی الرٹ کردیا گیا ہے اور فل پروف سکیورٹی انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل فائنل 24 گھنٹے کا ایونٹ ہے ، اسے بہ آسانی اور کامیابی کے ساتھ منعقد کیا جائے گا۔ 8 سال بعد قذافی اسٹیڈیم میں رونقیں دکھائی دے رہے ہیں جبکہ میدان پر اسٹار کھلاڑیوں کے قد آدم پوسٹرس بھی لگا دیئے گئے ہیں۔ یاد رہے 2017ء کا فائنل پاکستانی ٹیم کے نئے کپتان سرفراز احمد کی زیرقیادت کوئٹہ گلیاڈیئرٹرس کیلئے بھی اہم ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT