Friday , July 28 2017
Home / کھیل کی خبریں / لاہور میں فائنل ‘بیرونی کھلاڑیوں کی فہرست جاری

لاہور میں فائنل ‘بیرونی کھلاڑیوں کی فہرست جاری

دبئی ۔21 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سوپرلیگ (پی ایس ایل) کی تمام ٹیموں کو ان کھلاڑیوں کی فہرست جاری کردی جو لاہور آنے کو تیار ہیں۔پی سی ایل حکام اور ٹیموں کے مالکان کے درمیان دبئی میں ہوئے ایک اجلاس میں لاہور میں فائنل کے انعقاد کا حتمی فیصلہ کیا گیا ہے۔پی سی بی نے تمام ٹیموں کو موجودہ کھلاڑیوں کی جانب سے لاہور آنے سے انکار کی صورت میں ان کے متبادل کے انتخاب کے لئے بیرونی کھلاڑیوں کی فہرست جاری کردی ہے۔ میڈیا کے مطابق پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے لاہور آنے کے لئے رضامندی ظاہر کی ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں انگلینڈ کے روی بوپارہ، ڈیوڈ ملان اور کرس جارڈن بھی شامل ہیں۔پی ایس ایل حکام نے کہا ہے کہ لاہور میں فائنل کھیلنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کو 10 ہزار ڈالرز اضافی رقوم دیے جائیں گے۔لاہور آنے سے انکار کرنے والے بڑے ناموں میں کراچی کنگز کے کپتان کمارسنگاکارا اور کرس گیل شامل ہیں جنھوں نے لاہور آنے سے معذرت کی ہے۔پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں وہ غیر ملکی کھلاڑی شامل ہیں جو پی ایس ایل کے رواں سیزن میں ٹیموں کا حصہ نہیں ہیں۔ان کھلاڑیوں میں سری لنکا کے جیون مینڈس، کوشل مینڈس، ویسٹ انڈیز کے سابق کھلاڑی فیڈل ایڈورڈز، انگلینڈ کے اویس شاہ اور برطانیہ میں مقیم پاکستان کے یاسر عرفات بھی شامل ہیں۔زمبابوے کے سابق کپتان برینڈن ٹیلر ، ایلٹن چیگمبرا اور ویسٹ انڈیز کے سلیمان بین بھی شامل ہیں۔انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، سری لنکا اور بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کی اکثریت نے پاکستان آنے کی رضامندی ظاہر کی ہے جن میں بنگلہ دیش کے امرالقیس اور شہریار نفیس کے نام قابل ذکر ہیں۔ یاد رہے کہ پی ایس ایل کے دوسرے سیزن کا فائنل 5 مارچ 2017 کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا جس کے لئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں گے۔ لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے وزیراعظم، تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور پاک فوج کے سربراہ کو قذافی اسٹیڈیم میں فائنل دیکھنے کی دعوت دی ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT