Thursday , August 17 2017
Home / Top Stories / لاہور میں وزیراعظم مودی کے الفاظ ’’ اب یہاں آنا جانا لگا رہے گا‘‘

لاہور میں وزیراعظم مودی کے الفاظ ’’ اب یہاں آنا جانا لگا رہے گا‘‘

’’کیوں نہیں، یہ آپ کا گھر ہے‘‘ میزبان لیڈر نواز شریف کا جواب ۔ پڑوس میں مثبت جذبہ پروان چڑھانا دورہ کا مقصد : وزارت خارجہ ہند
لاہور ، 26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ’’اب یہاں آنا جانا لگا رہے گا،‘‘ وزیراعظم نریندر مودی نے یہ الفاظ اپنے پاکستانی ہم منصب نواز شریف سے کہے جبکہ انھوں نے کابل سے اپنی وطن واپسی کے سفر میں اچانک یہاں کا دورہ کیا۔ مودی نے گزشتہ روز لاہور میں زائد از دو گھنٹے توقف کئے، نواز شریف سے استفسار کیا جب پاکستانی وزیراعظم نے اُن سے اپنے ارکان خاندان کا تعارف کرایا: ’’آپ کا سارا پریوار یہاں رہتا ہے؟‘‘ اس سوال پر نواز شریف نے جواب دیا، ’’ہاں، لگ بھگ 70 تا 80 فیملی ممبرز یہیں رہتے ہیں،‘‘ دونوں قائدین کی گفتگو کے موقع پر موجود ایک ذریعہ نے آج نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کو یہ بات بتائی۔ مسلسل تغیر پذیر ہند۔پاک روابط میں ڈرامائی عنصر پیدا کرتے ہوئے مودی نے گزشتہ روز کابل سے ایک ٹویٹ کے ذریعے دنیا کو حیرت میں مبتلا کردیا تھا کہ وہ نواز شریف کو اُن کی 66 ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کرنے کیلئے لاہور میں ’’توقف‘‘ کریں گے۔

مودی لاہور پہنچنے کے بعد دونوں قائدین نواز شریف کی شہر کے مضافات میں واقع شاہانہ قیامگاہ ’جتی اُمراء رائے وِنڈ‘ ذریعے ہیلی کاپٹر روانہ ہوئے اور یہ پہلی مرتبہ ہوا کہ ان دونوں ملکوں کے کوئی دو قائدین نے مل کر سفر کیا۔ اُس ذریعہ نے بتایا کہ ’’(وزیراعظم) مودی نے کہا کہ اب یہاں آنا جانا لگا رہے گا‘‘۔ اس پر نواز شریف نے کہا، ’’کیوں نہیں، یہ آپ کا گھر ہے‘‘۔ نواز شریف نے اپنی والدہ کا بھی مودی سے تعارف کرایا، جنھوں نے اُن کے پیر چھوئے۔ انھوں نے کہا کہ مودی نے ساڑیاں اور دیگر تحفے نواز شریف کو اُن کی نواسی مہر النساء (مریم نواز شریف کی بیٹی) کی شادی کے موقع پر پیش کئے۔ دونوں قائدین نے تقریباً 80 منٹ ایک ساتھ گزارے، جس کے دوران مودی نے نواز شریف کے ارکان خاندان کو مبارکباد دی۔ ہندوستان کی وزارت امور خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم مودی کا یہ دورہ اور پاکستانی لیڈر سے بات چیت کا مقصد پڑوس میں ’’مثبت جذبہ‘‘ پیدا کرنا ہے۔

TOPPOPULARRECENT