Monday , September 25 2017
Home / دنیا / لندن میں ہندوستانی شاہی خاندان کے زیورات کا نیلام

لندن میں ہندوستانی شاہی خاندان کے زیورات کا نیلام

لندن ۔ 5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایک نامعلوم ہندوستانی شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والے نادر و نایاب زیورات کی جاریہ ماہ نیلامی عمل میں آئے گی جو بین الاقوامی سطح پر مشہور بون ہیمس میں منعقد کی جائے گی جہاں ہندوستانی اور اسلامی فنون لطیفہ کو فروخت ؍ نیلام کیا جاتا ہے۔ 19 اپریل کو نامعلوم شاہی خاندان (جس نے اپنی شناخت کو مخفی رکھا ہے) اپنے بیش بہا زیورات کے خزانے نیلام کردیں گے۔ ان زیورات کو شاہی خاندان کی کئی نسلوں نے استعمال کیا ہے جن میں ایک جنوبی ہند کا شادی کا نیکلس یا ’’منگا ملائی‘‘ بھی شامل ہے۔ علاوہ ازیں ہیروں سے جڑا ہوا ایک خنجر اور دیگر شاہی ہیرے جواہرات اور جواہرات جڑا ہوا ایک بیلٹ بھی سب کی توجہ کا مرکز ہوگا۔ بون ہیمپس میں ہندوستانی اور اسلامی فنون لطیفہ کی ماہر سمجھی جانے والی رکمنی کماری راتھوڑ نے بتایا کہ یہ نیلام خزانوں کو حاصل کرنے کا ایک اچھا موقع ہوگا جہاں 18 ویں اور 19 ویں صدی کی دستکاری کے نمونے دم بخود کردینے کیلئے کافی ہیں۔ بہرحال لوگوں کے پاس ایسی ایسی اشیاء خریدنے کا ایک نادر موقع ہاتھ آیا ہے جو کسی زمانے میں شاہی خاندان کے زیراستعمال تھیں۔ منگا ملائی کو شاہی خواتین خاص خاص موقعوں پر جیسے شادی وغیرہ میں پہنا کرتی تھیں۔ علاوہ ازیں مندروں میں رقص کرنے والی دیوداسیاں بھی پہنا کرتی ہیں جنہوں نے اپنی زندگی دیوی دیوتاؤں کی خدمت کیلئے وقف کردی ہو۔ منگا ملائی کے نیلام سے 50,000 تا 70,000 پاؤنڈس حاصل ہونے کی توقع ہے۔ منگا ملائی آم کی وضع کا ایک ہار ہے جس میں ہیرے جواہرات جڑے ہوتے ہیں۔ جنوبی ہند میں آم کو محبت اور زرخیزی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT