Tuesday , August 22 2017
Home / Top Stories / لوک سبھا غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی

لوک سبھا غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی

۔29 اجلاس، 23 بلز منظور، 176 گھنٹے مصروفیات، 8 گھنٹے ضائع
نئی دہلی ۔ 12 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بجٹ سیشن کی تکمیل کے بعد لوک سبھا کو غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا۔ اس بجٹ سیشن میں گڈس اینڈ سرویسیس ٹیکس (جی ایس ٹی) پر عمل آوری سے تعلق چار کلیدی قانون سازیوں کے بشمول 23 مسودہ ہائے قانون منظور کئے جاچکے ہیں۔ دو حصوں پر مشتمل سیشن 31 جنوری کو مشترکہ اجلاس سے صدارتی خطاب کیساتھ شروع ہوا تھا اور 29 نشستیں ہوئیں جنکا مجموعی وقت 176 گھنٹے اور 39 منٹ رہا۔ شوروغل اور ہنگامہ آرائی کے سبب ا س سیشن کے 8 گھنٹے اور 12 منٹ ضائع ہوئے۔ ان میں شیوسینا کے ایک رکن پارلیمنٹ پر، جنہوں نے ایرانڈیا کے ایک سینئر عہدیدار کے چہرہ پر جوتا مارا تھا، اندرون ملک پروازوں پر مختلف ایرلائنس کمپنیوں کی طرف سے عائد امتناع کے مسئلہ پر شوروغل بھی شامل ہے۔ پارلیمنٹ کے ایوان زیریں میں جی ایس ٹی بلز کے علاوہ زچگی کے فوائد (ترمیمی بل) 2016ء، جائیداد دشمنان بل، دماغی صحت کی دیکھ بھال بل، موٹر وہیلر (ترمیم) بل 2016ء ایچ آئی وی ؍ ایڈس (انسداد و کنٹرول) بل 2017ء اور 123 دستوری ترمیمی بل کے علاوہ صراحت کردہ بینک نوٹ (منسوخی چلن و واجبات) بل 2017ء بھی منظور کئے گئے۔ 31 جنوری کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ایک ایسے وقت جب صدرجمہوریہ پرنب مکرجی کا خطاب جاری تھا کہ لوک سبھا کے سینئر رکن اور انڈین یونین مسلم لیگ کے لیڈر ای احمد اچانک قلب پر حملہ کے سبب بیہوش ہوگئے جنہیں فوری طور پر دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں انکا انتقال ہوگیا تھا

TOPPOPULARRECENT