Monday , September 25 2017
Home / اضلاع کی خبریں / لڑکیوں کو اعلیٰ تعلیم دلوانے کی تلقین

لڑکیوں کو اعلیٰ تعلیم دلوانے کی تلقین

دیگلور میں منعقدہ جلسہ سے ڈاکٹر شعیب نقشبندی کا خطاب
دیگلور ۔ 20اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ہندوستان ہی ایسا ملک ہے جہاں ہر مذہب و ملت کے لوگ رہتے بستے ہیں جہاں پر 1760 ذات کے لوگ شیر و شکر کی طرح رہتے ہیں ۔ یہاں پر اتنے حافظ قرآن ، علمائے کرام ، دینی و دنیاوی اردو تعلیم کے ادارہ ، مدارس قائم ہیں جو کسی اور ملک میں نہیں ہے۔ چنانچہ 1947 ء کی جنگ آزادی کیلئے کئی علمائے کرام نے اپنی جانوں کی قربانی دیکر اس ملک کی جمہوریت کو بچالیا ہے ۔محض لاعلمی ، ناعاقبت اندیشی ، جہالت اور نام نہاد رہنماؤں کے سبب آج اس ملک میں مسلمان قوم و ملت غیروں میں شکوک کا باعث و تعصب کا شکار ہے ۔ اس لئے ہمارے طلباء و طالبات اعلیٰ تعلیم کم از کم ڈگری تک حاصل کرتے ہوئے حب الوطنی کا ثبوت دیں اور آئندہ آنے والی نسل کی رہنمائی و رہبری کریں۔ ان خیالات کا اظہار مولانا ابوالکلام آزاد ہائی اسکول و جونیر کالج دیگلور میں طلباء و طالبات ، اساتذہ کرام و اولیائے طلبہ سے جلسے میں خطاب کے دوران ڈاکٹر محمد شعیب نقشبندی شاہ فیصل سرکاری اسپتال مدینہ شریف نے کیا ۔ مولانا محمد حسیب المنزلی نقشبندی نے اپنی لڑکیوں کو مڈل سے ہی درمیان میں پردہ کی آڑ لیکر قید و بند کرنے والے اولیائے طلبہ و خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایک لڑکی ایک خاندان کی ذمہ دار ہوتی ہے اس طرح سے لڑکیوں کو اعلیٰ تعلیم دلوائیں اور سند یافتہ بنانا آج کے دور کا تقاضہ ہے ۔ اگر ماں پڑھی لکھی ہو تو سارا خاندان ، محلہ ، موضع اس سے استفادہ کرتا ہے ۔ جناب قاضی انصار علی ارمان جوائنٹ سکریٹری نے بھی خطاب کیا ۔ پرنسپل مسٹر شیخ رفیق احمد ، مسٹر عبدالرحیم قریشی و جونیر کالج کے محمد مجاہد اجمل نے مہمانان کی گلپوشی و شال پوشی کی ۔

TOPPOPULARRECENT