Thursday , September 21 2017
Home / شہر کی خبریں / لڑکیوں کو کمتر سمجھنا توہین کے مترادف، یکساں تعلیمی مواقع کی ضرورت

لڑکیوں کو کمتر سمجھنا توہین کے مترادف، یکساں تعلیمی مواقع کی ضرورت

تعلیم یافتہ لڑکوں سے معاشرہ کا سدھار ممکن، امریکی قونصل خانہ کی تقریب، عہدیداروں کا خطاب

vحیدرآباد 11 اکٹوبر (سیاست نیوز) عالمی یوم دختران کے موقع پر امریکی قونصل خانہ متعینہ حیدرآباد کی جانب سے الائنس انٹرنیشنل اسکول گولکنڈہ میں ایک تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ تقریب میں قونصل آفیسر مسٹر ونسیٹ سیلی، مسرز کوناکو موریٹا، مسٹر جوڈی کرسٹوفر، کلچرل افیرس اسسٹنٹ امریکی قونصل خانہ کے علاوہ محترمہ پدمنی رنگاراجن اسپورتی تھیٹر نے شرکت کی۔ اس موقع پر مسٹر ونسیٹ سیلی نے طالبات سے خطاب کے دوران کہاکہ لڑکیوں کو کم تر سمجھنا اُن کی توہین کے مترادف ہے۔ اُنھوں نے لڑکیوں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ آج دنیا اِس بات کو تسلیم کرچکی ہے کہ عالمی سطح پر لڑکیاں لڑکوں سے مسابقتی میدان میں پیچھے نہیں ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ لڑکیوں کو یکساں تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جانا ناگزیر ہے۔ چونکہ لڑکیوں کی تعلیم کے ذریعہ معاشرتی سدھار ممکن ہے۔ مسٹر ونسٹ سیلی نے بتایا کہ ہر معاشرہ میں لڑکیوں کو کم تر تصور کیا جاتا تھا لیکن جب کبھی موقع فراہم کیا گیا لڑکیوں نے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے ذریعہ کئی میدانوں میں لڑکوں پر سبقت حاصل کرتے ہوئے یہ ثابت کردیا کہ وہ کسی سے کم نہیں ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ لڑکیوں کو خود مختار اور پُراعتماد بنانے کے لئے یہ ضروری ہے کہ اُنھیں تعلیم سے آراستہ کیا جائے۔ مسز کوناکو موریٹا نے اِس موقع پر لڑکیوں کو مشورہ دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کے میدان میں بھی اپنے جوہر دکھائیں۔ اُنھوں نے کہاکہ مختلف کھیلوں میں لڑکیوں کی جانب سے جو مظاہرے کئے گئے اُن سے تحریک حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ اسپورتی تھیٹر کی جانب سے محترمہ پدمنی رنگاراجن نے پپیٹ شو کے ذریعہ لڑکیوں کی تعلیم کی اہمیت و افادیت کے متعلق پروگرام پیش کیا۔ اِس موقع پر کرسپانڈنٹ اسکول جناب سید آصف نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ الائنس انٹرنیشنل اسکول کی جانب سے لڑکیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے جس کی اہم وجہ یہ ہے کہ ایک لڑکی اگر تعلیم یافتہ ہوتی ہے تو سارے خاندان کو تعلیم سے آراستہ کرنے کی موجب ثابت ہوتی ہے۔ اُنھوں نے امریکی قونصل خانہ کے عہدیداروں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاکہ اِس طرح کے پروگرامس کے انعقاد کے ذریعہ عوام میں شعور اُجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جناب سید عارف پرنسپل اسکول نے اُن کے ادارہ و تنظیم کی جانب سے کئے جانے والے ترقیاتی پروگرامس کے علاوہ لڑکیوں کے لئے منعقد کئے جانے والے خصوصی پروگرامس کے متعلق تفصیلات سے واقف کروایا۔ اس موقع پر وائس پرنسپل محترمہ طاہرہ حسام کے علاوہ دیگر اساتذہ موجود تھے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT