Tuesday , August 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / لگاتار تیسری شکست ، پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر

لگاتار تیسری شکست ، پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر

موہالی۔25 مارچ ۔( سیاست ڈاٹ کام )  آسٹریلیا نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے اہم میچ میں پاکستان کو 21 رنز سے شکست دے کر پاکستان کو ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر کردیا۔ موہالی میں کھیلے گئے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے گروپ 2 کے اہم میچ میں پاکستان کے کپتان شاہد آفریدی ٹاس کے معاملے میں لگاتار تیسری مرتبہ بدقسمت ثابت ہوئے اور آسٹریلین کپتان اسٹیون اسمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔آسٹریلیائی ٹیم کو  عثمان خواجہ نے روایتی جارحانہ آغاز فراہم کیا ۔ ان کی مدد پاکستان کی ناقص فیلڈنگ نے بھی کی جس کے سبب پہلی وکٹ کیلئے 28 رنز کا اچھا آغاز ہوا تاہم اس سے قبل عثمان خواجہ مزید خطرناک ثابت ہوتے، وہاب ریاض نے انھیں بولڈ کرکے پویلین لوٹادیا۔ ابھی آسٹریلیائی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ وہاب ریاض نے اپنے اگلے اوور میں ڈیوڈ وارنر کو بھی باؤلڈ کردیا۔

اسکور 57 تک پہنچا تو عماد وسیم نے ایرون فنچ کو آؤٹ کر کے پاکستان کو تیسری کامیابی دلائی۔اس کے بعد گلین میکسویل اور اسٹیون اسمتھ نے 6.2 اوورز میں 62 رنز کی شاندار شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو بڑے اسکور کیلئے بنیاد فراہم کی۔میکسویل 30 رنز بنانے کے بعد ایک اور بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں عماد وسیم کا دوسرا شکار بنے۔اس موقع پر ایسا محسوس ہورہا تھا کہ شاید پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کو ہمالیائی اسکور کرنے سے بازرکھے گی لیکن اسمتھ اور شین واٹسن نے وکٹ کے چاروں جانب شاندار شارٹس کھیلتے ہوئے پانچویں وکٹ کیلئے ایک بڑی پارٹنرشپ نبھائی اور آسٹریلیا کو ایک بڑا اسکور کھرا کرنے میں مدد دی ۔ دونوں ہی کھلاڑیوں نے 6.2 اوورز میں 74 رنز کی شراکت قائم کی جس کی بدولت آسٹریلیا نے مقررہ اوورز میں چار وکٹ کے نقصان پر 193 رنز بنائے۔  واٹسن نے 44 جبکہ اسمتھ نے 61 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض اور عماد وسیم نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ٹورنمنٹ میں بہترین فارم میں نظر آنے والے محمد سمیع سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے اور انہوں نے چار اوورز میں 53 رنز دیئے۔

محمد عامر بھی اس میچ میں آسٹریلیائی بیٹسمینوں پر اثرانداز ہونے میں ناکام رہے ۔ پاکستان نے جب نشانہ کا تعاقب شروع کیا تو احمد شہزاد ایک رن بنا کر ہیزل ووڈ کا شکار بنے ۔شرجیل خان نے ایک مرتبہ پھر جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 30 رنز بنائے لیکن جیمز فالکنر نے ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔اس کے بعد عمر اکمل اور خالد لطیف نے تیسری وکٹ کیلئے پانچ اوورز میں 45 رنز جوڑے لیکن عمراکمل 32 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔شاہد آفریدی نے روایتی جارحانہ انداز اپنایا لیکن 14 رنز بنانے کے بعد روایتی انداز میں اسٹمپ ہو گئے۔وکٹ پر نئے آنے والے بلے باز شعیب ملک اور خالد لطیف نے رنز بنانے کا سلسلہ تو جاری رکھا لیکن خالد لطیف تیزی سے رنز بنانے میں ناکام رہے جس کی وجہ سے درکار رن ریٹ میں اضافہ ہوتا گیا۔ خالد لطیف سست رفتار طریقہ سے 41 گیندوں پر 46 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ عماد وسیم پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔جیمز فالکنر نے اگلے اوور میں سرفراز احمد اور وہاب ریاض کو آؤٹ کر کے میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کیں۔پاکستانی ٹیم مقررہ اوورز میں 172 رنز بنا سکی اور اسے 21 رنز کی شکست سے دوچار ہونا پڑا ۔ اس شکست کے ساتھ ہی پاکستان ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے باہر ہو گئی۔ شعیب ملک نے 20 گیندوں پر 40 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔جیمز فالکنر کو پانچ وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT