Sunday , August 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / لیون کی ونڈے اور واٹسن کی ٹوئنٹی 20 ٹیم میں واپسی

لیون کی ونڈے اور واٹسن کی ٹوئنٹی 20 ٹیم میں واپسی

ملبورن۔18جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) آف اسپنر نیتھن لیون کی ہندوستان کے خلاف رواں سیریز کے مابقی دو مقابلوں کیلئے آسٹریلیائی ونڈے ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جب کہ سینئر آل راؤنڈر شین واٹسن کے ہمراہ فاسٹ بولر شان ٹیٹ کی ٹوئنٹی 20ٹیم میںواپسی ہوئی ہے ۔ آسٹریلیائی ٹیم جو کہ ہندوستان کے خلاف رواں پانچ مقابلوں کی سیریز میں پہلے ہی 3-0 کی ناقابل تسخیر سبقت حاصل کرلی ہے اور سلکٹروں نے اسپنر نیتھن کو نوجوان فاسٹ بولر جیئول پیرس کے مقام پر 13رکنی ٹیم میں شامل کرلیا ہے ۔ علاوہ ازیں نائب کپتان ڈیوڈ وارنر جو کہ اپنی لڑکی کی پیدائش کے ضمن میں ٹیم سے باہر تھے انہیں عثمان خواجہ کے مقام پر ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے ۔آف اسپنر نیتھن نے آخری مرتبہ 2014ء میں آسٹریلیا کیلئے ونڈے مقابلہ کھیلا تھا لیکن بگ باش میں  سڈنی سکسرس کی کامیاب نمائندگی کا صلہ دیتے ہوئے سلکٹروں نے انہیں ونڈے ٹیم میں بھی طلب کیا ہے ۔ آسٹریلیائی سلکٹر راڈ مارش نے ٹیم کا اعلان کرنے کے بعد آف اسپنر نیتھن کی ٹیم میں شمولیت پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بگ باش میں ان کی شاندار کارکردگی کو دیکھتے ہوئے انہیں ونڈے ٹیم میں بھی موقع دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ہندوستان کے خلاف آسٹریلیا رواں سیریز کے دیگر دو مقابلے 20جنوری کو کینبرا اور 23جنوری کو سڈنی میں کھیلے گی ۔ علاوہ ازیں 26جنوری کو دونوں ٹیموں کے درمیان شروع ہونے والی ٹوئنٹی 20سیریز اور ہندوستان میں منعقد شدنی آئی سی ٹوئنٹی 20ورلڈ کپ کے تناظر میں آسٹریلیائی ٹیم کا انتخاب کیا گیا ہے ۔ ٹیم کے مستقل کپتان اسٹیو اسمتھ اور ان کے نائب وارنر ہندوستان کے خلاف اڈیلیڈ میں ٹوئنٹی 20 سیریز کا افتتاحی مقابلہ کھیلیں گے جس کے بعد دو مقابلوں کیلئے انہیں آرام دیا گیا ہے تاکہ وہ 3فبروری کو نیوزی لینڈ کے خلاف ونڈے سیریز کا پہلا مقابلہ کھیل سکے ۔ ہندوستان کے خلاف دو ٹوئنٹی 20مقابلوں کیلئے ٹیم میں حیران کن تبدیلیاں کی گئی ہیں جس میں 2015ء میں آخری مرتبہ ونڈے کھیلنے والے واٹسن کے ساتھ پانچ برس بعد فاسٹ بولر شان ٹیٹ کی بھی واپسی ہورہی ہے ۔ مارش نے واٹسن کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آل راؤنڈر کو ان کے وسیع تجربہ کی بنیاد پر خاص پر محدود اوورس کی کرکٹ میں طلب کیا گیا ہے جب کہ شان ٹیٹ کو ان کی تیز رفتار بولنگ کی وجہ سے ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ٹوئنٹی 20ٹیم میں جہاں حیران کن طور پر اوپنر ارون فنچ کو کپتان بنایا گیا ہے وہیں محدود اوورس کی کرکٹ کیلئے گھریلو ٹورنمنٹ میں شاندار مظاہرہ کرنے والے چند نوجوان کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔ جن نئے چہروں کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ان میں لیگ اسپنر کیمرون بوائز قابل ذکر ہے جنہیں گھریلو کرکٹ میں شاندار کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔ آسٹریلیائی ٹیم ہندوستان کے خلاف کے خلاف 26جنوری کو پہلا ٹوئنٹی 20جس کے بعد ملبورن میں 29اور سڈنی میں 30جنوری کو مقابلہ کھیلے گی۔

TOPPOPULARRECENT