Tuesday , September 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / لیگ اسپنر راشد خان خصوصی صلاحیت کا حامل ‘ مرلی تھرن

لیگ اسپنر راشد خان خصوصی صلاحیت کا حامل ‘ مرلی تھرن

مستقبل میں مزید بہتر مظاہرہ کی امید۔ سری لنکا کے افسانوی اسپنر کا اظہار خیال
ممبئی 11 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا کے افسانوی اسپنر متیا مرلی تھرن نے ‘ جو سن رائزرس حیدرآباد کے بولنگ کوچ ہیں ‘ آج افغانستان سے تعلق رکھنے والے لیگ اسپنر راشد خان کی زبردست ستائش کی ہے اور کہا کہ وہ خصوصی صلاحیت کے حامل ہیں۔ راشد خان نے آئی پی ایل میں اب تک دو میچس کھیلے ہیں اور پانچ وکٹس حاصل کئے ہیں۔ انہوں نے گجرات لائینس کے خلاف دوسرے میچ میں 19 رنوں کے عوض تین وکٹس حاصل کئے تھے ۔ مرلی تھرن نے سن رائزرس حیدرآباد کے ممبئی انڈینس کے خلاف میچ سے قبل کہا کہ انہوں نے راشد کو صرف دو دن ہی دیکھا ہے ۔ ہم نے انہیں اس لئے منتخب کیا کیونکہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہے تھے اور کچھ معیاری بلے بازوں کے خلاف اچھی بولنگ کر رہے تھے ۔ مرلی تھرن ٹسٹ اور ونڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹس لینے والے بولر ہیں انہوں نے کہا کہ نوجوان راشد خان کے پاس ہوا میں گیند کو تیز پھینکنے کی بھی صلاحیت ہے ۔ مرلی نے کہا کہ ہم نے سوچا تھا کہ راشد کے پاس کچھ خاص صلاحیت ہے اور وہ دوسرے لیگ اسپنرس سے مختلف ہے کیونکہ وہ دوسروں کی بہ نسبت ہوا میں قدرے تیز گیند کرتا ہے اور مختلف انداز کا بھی حامل ہے ۔ مرلی نے کہا کہ راشد نے ابتدائی دو میچس میں اپنا رول ادا کیا ہے اور ہمارے لئے اچھی کارکردگی دکھائی ہے ۔ یہ اچھا اشارہ ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ وہ آگے بھی اچھا کریگا اور ہماری امیدوں کو پورا کریگا ۔ مرلی تھرن نے ٹسٹ کرکٹ میں 800 وکٹس لئے تھے ۔ آئی پی ایل میں سری لنکا کے اسپنرس کی کمی کے تعلق سے سوال پر مرلی نے کہا کہ جیسے ہی ملک میں معیاری اسپنرس ابھرنے لگیں گے ان کو بھی آئی پی ایل میں مواقع دستیاب ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال ہمارے پاس صلاحیتوں کی کمی ہے اور ایسے میں ہم اچھے کھلاڑیوں کو تلاش کر رہے ہیں۔ ہم نے اچھی ٹیمیں بنائی تھیں اچھے کھلاڑی بھی تھے لیکن وہ سب ریٹائر ہوچکے ہیں۔ اب نئے کھلاڑی آ رہے ہیں لیکن جب تک وہ کارکردگی نہیں دکھائیں گے آئی پی ایل میں انہیں مواقع نہیں ملیں گے ۔ مرلی نے آئی پی ایل کی بھی ستائش کی اور کہا کہ اس سے ہندوستانی کرکٹ کی مدد ہوئی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT