Friday , August 18 2017
Home / دنیا / مائنمار کے تاریخی انتخابات کے انعقاد پر اوباما کی مبارکباد

مائنمار کے تاریخی انتخابات کے انعقاد پر اوباما کی مبارکباد

ینگون 12 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مائنمار میں آزادانہ اور شفاف انتخابات منعقد کرنے پر صدر امریکہ بارک اوباما نے ملک کے حکمرانوں اور عوام کو مبارکباد دی ہے۔ قائد اپوزیشن آنگ سان سوچی کی این ایل ڈی اس وقت انتہائی مستحکم موقف میں ہے اور یہ بات تقریباً یقینی ہے کہ پارٹی کو واضح اکثریت حاصل ہوجائے گی حالانکہ اب تک سرکاری طور پر قطعی نتائج کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ تاہم ملک کے صدر اور فوجی سربراہ کا سوچی کو بات چیت کے لئے مدعو کرنا اس بات کی علامت ہے کہ وہ ملک کے اقتدار کی پرامن منتقلی کے خواہاں ہیں۔ اوباما نے آج صبح ملک کے صدر تھین سین کو فون کرتے ہوئے ملک میں شفاف اور منصفانہ انتخابات منعقد کروانے پر اُنھیں مبارکباد دی۔ مائنمار کے وزیر اطلاعات یہ ٹوٹ نے اپنے فیس بُک پیج پر یہ اطلاع دی۔ اوباما نے کہاکہ مائنمار میں مذہبی عدم رواداری سے انتہائی چابکدستی سے نمٹنے کی ضرورت ہے کیوں کہ ہر مذہب کے پیروکاروں کا احترام کرتے ہوئے ہی ملک میں مکمل جمہوریت کا اطلاق کیا جاسکتا ہے ورنہ مائنمار ، آدھا تیتر اور آدھا پیڑ بن جائے گا۔ صدر اوباما نے مائنمار میں اصلاحات متعارف کرنے کے لئے تاریخی انتخابات منعقد کرنے کے جرأت مندانہ اقدام پر صدر تھین سین کی ستائش کی۔ تاہم روہنگیا مسلمانوں کو حق رائے دہی سے محروم کرنے پر اظہار افسوس بھی کیا۔

TOPPOPULARRECENT