Sunday , September 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / مائیکل فلپس کوشارک سے تیراکی مقابلے میں شکست

مائیکل فلپس کوشارک سے تیراکی مقابلے میں شکست

 

واشنگٹن۔25 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اولمپکس سمیت متعدد مقابلوں میں حریف تیراکوں کی امیدوں پر پانی پھیرنے والے دنیا کے بے تاج بادشاہ مائیکل فلپس گریٹ وائٹ شارک سے تیراکی کا مقابلہ ہار گئے تاہم اس مقابلے نے سوشل میڈیا پر نیا تنازعہ کھڑا کر دیا ہے۔وائلڈ لائف ڈاکیومیٹریز پیش کرنے والے ڈسکوری چینل نے اعلان کیا تھا کہ اولمپکس کی تاریخ میں سب سے زیادہ گولڈ میڈلز جیتنے کا اعزاز رکھنے والے امریکی پیراک مائیکل فلپس اب گریٹ وائٹ شارک سے مقابلہ کریں گے اور اس مقابلے کو نشر بھی کیا جائے گا۔ مائیکل فلپس اور شارک کے درمیان ہونے والے اس مقابلے کو ’فلپس بمقابلہ شارک: گریٹ گولڈ بمقابلہ گریٹ وائٹ‘ کا نام دیا گیا تھا تاہم اس مقابلے نے شائقین کی امیدوں پر ہی پانی پھیر دیا۔شائقین توقع کر رہے تھے کہ انہیں ایڈونچر سے بھرپور مقابلہ دیکھنے کو ملے گا اور پانی میں شارک کے ساتھ مائیکل فلپس کو دیکھنا انوکھا تجربہ ہوگا تاہم لوگ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ مائیکل فلپس اصل شارک کے بجائے کمپیوٹرائز شارک سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ڈسکوری پر نشر ہوئے اس مقابلے میں مائیکل فلپس کو کمپیوٹر کی مدد سے تیار کی گئی شارک کے ساتھ دوڑ کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ یہ مصنوعی 100 میٹر ریس جنوبی افریقہ کے ساحل پر منعقد کی گئی جہاں مائیکل فلپس نے مقررہ فاصلہ 38.1 سیکنڈز میں طے کیا جبکہ فرضی شارک نے یہ فاصلہ 36.1 سیکنڈ میں طے کر لیا۔ ڈسکوری حکام نے کہا ہے کہ وہ اصلی شارک کے ساتھ فلپس کو پانی میں اتارنے کا خطرہ مول نہیں لے سکتے تھے لہٰذا انہوں نے کمپیوٹر کی مدد سے شارک کی شبیہہ تیار کی اور گریٹ وائٹ شارک کے تیرنے کی رفتار کا ڈیٹا استعمال کیا اور اس کا موازنہ فلپس کی رفتار سے کیا جس کے تحت شارک کو فاتح قرار دیا گیا۔تاہم سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر شائقین نے ڈسکوری چینل پر خوب تنقید کی۔ ایک صارف نے لکھا کہ ڈسکوری نے انہیں دھوکہ دیا اور وہ کچھ اور ہی توقع کر رہے تھے۔ ٹوئیٹر پر لوگوں کو مایوس دیکھ کر خود مائیکل فلپس نے لکھا کہ وہ دوبارہ میچ کرنا چاہیں گے اور اس مرتبہ گرم پانی میں مقابلہ ہونا چاہیئے۔ ممکن ہے کہ مستقبل میں ڈسکوری مائیکل فلپس اور اصل شارک کا مقابلہ کروانے کا کوئی راستہ ڈھونڈ نکالے۔

TOPPOPULARRECENT