Saturday , August 19 2017
Home / ہندوستان / مالیا کا جٹ طیارہ معمولی محفوظ قیمت پر ہراج ہوگا

مالیا کا جٹ طیارہ معمولی محفوظ قیمت پر ہراج ہوگا

ممبئی ۔ 6 جولائی۔(سیاست ڈاٹ کام) پریشانیوں سے دوچار بڑے تاجر وجئے مالیا کے شخصی پرتعیش طیارے کا گزشتہ ہفتے ہراج کرنے کی پہلی کوشش میں اچھی قیمت کے حصول میں ناکامی کے بعد سرویس ٹیکس ڈپارٹمنٹ اب دوسری کوشش کی تیاری کررہا ہے جس میں بولی دہندگان کیلئے کم تر ’ریزرو پرائس‘ رکھی جائے گی ۔ ذرائع نے کہاکہ قدر و قیمت کے بارے میں قطعی فیصلہ محکمہ کی جوائنٹ پرائسنگ کمیٹی کرے گی ۔ 30 جون کو محکمہ نے یونائٹیڈ عرب ایمریٹس سے وابستہ فرم النا ایرو ڈسٹریبیوشنل فینانس ہولڈنگس کی جانب سے 1.09 کروڑ روپئے کی واحد بولی کو مسترد کردیا تھا جبکہ محفوظ قیمت 152 کروڑروپئے رکھی گئی ہے ۔ محکمہ سرویس ٹیکس کے ایک عہدیدار نے آج نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ مالیا کے شخصی جٹ کے تازہ ہراج کے لئے تیاری کی جارہی ہے تاکہ زائد از 800 کروڑ روپئے تک کے قرض میں سے قابل لحاظ حصہ کی واپس ادائیگی کردی جائے ۔ تاہم اس مرتبہ کم تر ریزرو پرائس رکھا جائے گا ۔ بمبے ہائیکورٹ نے آکشن کے دوسرے راؤنڈ کی اجازت دیدی ہے جو ممکنہ طورپر 21 اگسٹ کو منعقد کیا جائے گا ۔ محکمہ کے عہدیدار کے مطابق زیادہ سے زیادہ بولی دہندگان کو راغب کرنا محفوظ قیمت پر کمی لانے کا اصل مقصد ہے ۔ یو اے ای کمپنی نے محکمہ کے سرکاری ہراج کنندہ ایم ایس ٹی سی کی جانب سے ہراج کے مطابق ایک کروڑ روپئے کی رقم دھڑوت جمع کرائی تھی ۔ تاہم وہ معاملت آگے نہیں بڑھ سکی ۔ مالیا کا یہ طیارہ سرویس ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے ڈسمبر 2013 ء میں قرق کرلیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT