Thursday , June 29 2017
Home / شہر کی خبریں / مانسون کی آمد سے قبل جی ایچ ایم سی کی غفلت

مانسون کی آمد سے قبل جی ایچ ایم سی کی غفلت

نالوں کی صفائی کا کام شروع نہ ہوسکا ، بارش سے مشکلات کا اندیشہ
حیدرآباد۔23مئی(سیاست نیوز) شہر میں مانسون کی آمد کی صورت میں پیش آنے والی مشکلات سے نمٹنے کے لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد پوری طرح سے تیار ہونے کا دعوی کر رہی ہے اس کے باوجود شہر کے کئی ایسے نالے ہیں جن کی صفائی کا عمل ابھی تک شروع نہیں کیا گیا ہے بلکہ نالوں کی صفائی کے سلسلہ میں جاری واضح احکامات کے باوجود عہدیدار اس مسئلہ پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے گذشتہ برس غیر موسمی بارش کے سبب پید ہونے والی مشکلات کے بعد اس بات کا اعلان کیا گیا تھا کہ بلدی حدود میں موجود نالوں کا سروے کرتے ہوئے ان کی صفائی کو ممکن بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے لیکن ابھی تک بھی شہر میں نالوں کے سروے کا کام جاری ہے جبکہ جن نالوں کا سروے مکمل کرلیا گیا ہے ان کی صفائی کا عمل ابھی تک شروع نہیں ہوا۔ نالوں کی عدم صفائی اور مانسون کی آمد کی صورت میں بارش کے پانی کے اخراج کے مسائل پیدا ہونے کا امکان ہے لیکن اس کے باوجود اس مسئلہ کے حل کے لئے کوئی اقدامات نہ کئے جانے کے سبب مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں میں شدید ناراضگی پائی جاتی ہے۔ کمشنرجی ایچ ایم سی ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے گذشتہ ماہ اس سلسلہ میں تمام زونس کے عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے ہدایات جاری کی تھیں کہ وہ اپنے علاقو ں میں موجود نالوں کی صفائی کے اقدامات کو یقینی بنائیں لیکن اس سلسلہ میں عہدیداروں کی جانب سے عدم پیشرفت آئندہ موسم باراں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے دونوں شہروں میں رہائشی علاقوں سے گذرنے والے نالوں کی عاجلانہ صفائی کو ممکن بنانے کے لئے محکمہ آبرسانی سے بھی مدد حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ مانسون کی آمد سے قبل شہر کے تمام نالوں کی صفائی ممکن ہو سکے۔بلدی عہدیداروں کے مطابق مانسون کی آمد سے قبل نالوں کی عدم صفائی کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کاروائی کا بھی منصوبہ تیار کیا جارہا ہے۔ منتخبہ عوامی نمائندوں کا الزام ہے کہ اعلی عہدیداروں کی جانب سے نالوں کی صفائی کے اعلانات کئے جا رہے ہیں لیکن عملی طور پر صفائی کے لئے بجٹ کی عدم اجرائی سب سے بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے اور اس مسئلہ سے نمٹنے کے لئے متعدد مرتبہ نمائندگیاں کی جا چکی ہیں لیکن اس کے باوجود کوئی خاطر خواہ نتائج برآمد نہیں ہوئے اسی لئے یہ کہنا مشکل ہے کہ مانسون کی آمد سے قبل شہر کے تمام نالوں کی صفائی کا عمل مکمل کرلیا جائیگا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT