Friday , October 20 2017
Home / شہر کی خبریں / مانسون کے دوران موسمی وباؤں پر کنٹرول کی ہدایت

مانسون کے دوران موسمی وباؤں پر کنٹرول کی ہدایت

محکمہ صحت کے عہدیداروں سے چیف سکریٹری کی بات چیت
حیدرآباد 21 جون (این ایس ایس) تلنگانہ کے چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما نے موسم برسات کے آغاز کے دوران محکمہ صحت کے عہدیداروں کو کسی بھی موسمی وباء کے پھیلنے کے اندیشوں سے نمٹنے کے لئے مکمل چوکسی اختیار کرنے ہدایت کی ہے۔ چیف سکریٹری نے سکریٹریٹ میں آج منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ موسم برسات کے دوران وباؤں کے پھیلنے کو روکنے کے لئے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کئے جائیں۔ ڈاکٹر راجیو شرما نے تمام علاقوں میں پینے کیلئے صاف پانی کی فراہمی، صحت و صفائی کے علاوہ صبح کے اوقات جراثیم کش ادویات کے چھڑکاؤ کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ عوام کو بروقت صاف پانی سربراہ کرنے کی ہدایت کی اور خبردار کیاکہ کئی دن تک جمع شدہ پانی کا استعمال نقصان رساں ثابت ہوسکتا ہے۔ اُنھوں نے مانسون کے دوران متعدی امراض کے انسداد کے لئے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ دونوں شہروں کے علاوہ تمام اضلاع کے دواخانوں اور طبی مراکز کو متعلقہ ادویات کا خاطر خواہ ذخیرہ فراہم کیا جائے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حالیہ عرصہ کے دوران تلنگانہ کے عنبرپیٹ نالہ سے جمع کردہ پانی کے طبی لیاب میں معائنے سے پولیو وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا تھا۔ ملک میں 2011 ء کے دوران پولیو کا مکمل خاتمہ ہوچکا تھا لیکن اِس وائرس کا پتہ چلنے کے بعد احتیاطی تدابیر کیلئے بچوں کو ٹیکہ دینے کی مہم شروع کی گئی ہے۔

TOPPOPULARRECENT