Wednesday , August 23 2017
Home / پاکستان / ماڈل ایان علی پرکرنسی اسمگلنگ کیس میں فرد جرم عائد

ماڈل ایان علی پرکرنسی اسمگلنگ کیس میں فرد جرم عائد

اسلام آباد ۔ 19 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) راولپنڈی کی ایک کسٹمز عدالت نے ماڈل ایان علی پر ملک سے باہر پانچ لاکھ ڈالرز کی کرنسی اسمگل کرنے کی کوشش کے الزام میں فردجرم عائد کردی ہے۔ ایان علی نے حسب سابق عدالت میں بے قصور ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ کسٹمز ،ایکسائز اور ٹیکسیشن کی خصوصی عدالت نے جمعرات کو اس مقدمہ کی سماعت کے دوران ایان علی پر فرد جرم عائد کی ہے اور 8 ڈسمبر کو استغاثہ کے گواہوں کو بیانات قلمبند کرانے طلب کر لیا ہے۔ عدالت نے اس سے پہلے 6 نومبر کو ملزمہ کی برأت کیلئے دائرکردہ اپیل خارج کردی تھی۔ایان علی کو 14 مارچ کو بے نظیر انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پانچ لاکھ ڈالرز سے زیادہ کی رقم بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔اس کے سوٹ کیس سے یہ ڈالرز برآمد ہوئے تھے۔ ایان علی کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں منتقل کردیا گیا تھا جہاں سے اس کو جولائی میں ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔ ایان علی کے مطابق اسکی عمر 21سال ہے اور اس نے اسلام آباد سے دبئی کیلئے پرواز کا ٹکٹ بک کرایا تھا لیکن کسٹمز حکام نے اسکے سامان سے 506000 ڈالرز کے کرنسی نوٹ برآمد کرنے کے بعد گرفتار کر لیا تھا۔ ان لاکھوں ڈالروں کے بارے میں پاکستانی میڈیا میں مختلف چہ میگوئیاں کی جاتی رہی ہیں اور یہ کہا جاتا رہا ہیکہ یہ سابق حکمراں جماعت پی پی پی کی ایک شخصیت کے تھے۔ پی پی پی کے ایک رہنما اور سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ اس کیس کی پیروی کر رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT