Saturday , September 23 2017
Home / شہر کی خبریں / ماہ رمضان المبارک کے انتظامات پر حکومت تلنگانہ کا جائزہ

ماہ رمضان المبارک کے انتظامات پر حکومت تلنگانہ کا جائزہ

26 مئی کو اجلاس، مکہ مسجد کی تزئین نو کی منصوبہ بندی

حیدرآباد۔/21مئی، ( سیاست نیوز) رمضان المبارک کے انتظامات کا ریاستی حکومت کی جانب سے جائزہ اجلاس 26 مئی کو سہ پہر سکریٹریٹ میں منعقد ہوگا۔ ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ محمد محمود علی جائزہ اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اس اجلاس میں شہر سے تعلق رکھنے والے وزراء ، عوامی نمائندے اور مختلف محکمہ جات کے عہدیدار شرکت کریں گے۔ ہر سال رمضان المبارک سے قبل اس طرح کا جائزہ اجلاس منعقد کرنے کی ایک روایت ہے لیکن اکثر یہ دیکھا گیا ہے کہ جائزہ اجلاس میں جو فیصلے کئے جاتے ہیں ان پر متعلقہ محکمہ کے عہدیدار عمل آوری نہیں کرتے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ عہدیداروں کو ذمہ داریاں تفویض کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں جوابدہ بنایا جائے تاکہ وہ پوری ذمہ داری کے ساتھ مفوضہ فرائض انجام دے سکیں۔ گذشتہ سال رمضان المبارک میں صحت و صفائی کے انتظامات میں مجلس بلدیہ ناکام ثابت ہوا۔ اس کے علاوہ برقی کی بلا وقفہ سربراہی کی ہدایت پر الیکٹریسٹی حکام عمل کرنے سے قاصر رہے۔ اب جبکہ گذشتہ دو ہفتوں سے شہر میں وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری ہے اور تیز ہواؤں کے سبب سارا نظام درہم برہم ہوچکا ہے ایسے میں رمضان المبارک میں صحت و صفائی اور برقی کی مؤثر سربراہی حکومت کیلئے کسی چیلنج سے کم نہیں ہوگی۔ حکومت کی جانب سے مساجد کے اطراف و اکناف کچرے کی فوری صفائی کا اعلان تو کیا جاتا ہے لیکن جابجا کچرے کے انبار روزہ داروں کیلئے مشقت اور مشکلات کا باعث ہوتے ہیں۔ شہر میں گذشتہ چند دنوں سے جگہ جگہ کچرے کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا ہے اور بارش نے کچرے میں بدبو پیدا کردی ہے جس سے بیماریوں کے پھوٹ پڑنے کا اندیشہ ہے۔ جائزہ اجلاس میں حکومت کو چاہیئے کہ وہ عہدیداروں کو نہ صرف سختی سے پابند کرے بلکہ اعلیٰ عہدیداروں کے فون نمبرات عوام کیلئے جاری کئے جائیں تاکہ متعلقہ محکمہ کے مسئلہ کی صورت میں راست طور پر ان سے رجوع کیا جاسکے۔ اکثر یہ دیکھا جاتا ہے کہ اعلیٰ عہدیدار یہ بہانہ بنادیتے ہیں کہ نچلی سطح پر عہدیداروں نے کام نہیں کیا۔ اسی دوران سکریٹری اقلیتی بہبود نے آج  مکہ مسجد کا دورہ کیا۔ انہوں نے ممتاز آرکیٹکٹ شرد چندرا کو مکہ مسجد کی چھت اور عمارت کے دیگر حصوں کا معائنہ کرایا۔ بارش کے سبب چھت میں پانی اُتر رہا ہے جس سے چھت کے کمزور ہونے کا اندیشہ ہے۔ چیف منسٹر نے مکہ مسجد کی تزئین نو کیلئے جامع منصوبہ کی تیاری کی ہدایت دی ہے اور یہ ذمہ داری شرد چندرا کو دی گئی۔ گنبدانِ قطب شاہی کی تزئین نو کا کام اسی آرکیٹکٹ نے انجام دیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT