Saturday , August 19 2017
Home / سیاسیات / ماہ فروری تک اترپردیش اسمبلی کے انتخابات

ماہ فروری تک اترپردیش اسمبلی کے انتخابات

الیکشن کمیشن سے بی ایس پی سربراہ مایاوتی کا مطالبہ
نئی دہلی ۔ 17 ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام ) : بہوجن سماج پارٹی سربراہ مایاوتی نے آج الیکشن کمیشن سے اپیل کی ہے کہ اترپردیش میں آئندہ ماہ فروری تک اسمبلی انتخابات منعقد کئے جائیں اور یہ الزام عائد کیا ہے کہ ملائم سنگھ یادو کے خاندان میں داخلی خلفشار سے سماج وادی حکومت کی کارکردگی بری طرح متاثر ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگرچیکہ بی جے پی اور سماج وادی پارٹی اسمبلی انتخابات میں تاخیر کرنا چاہتے ہیں ۔ لیکن ان کی پارٹی کی یہ خواہش ہے کہ الیکشن کمیشن عوامی مفادات میں جنوری ۔ فروری میں اسمبلی انتخابات منعقد کروانے کے لیے نظام الاوقات کا اعلان کرے ۔ ایک صحافتی بیان میں سابق چیف منسٹر نے کہا کہ اترپردیش کی ابتر صورتحال کے پیش نظر مرکزی حکومت کو صدر راج نافذ کردینا چاہئے تھا چونکہ اترپردیش میں بی جے پی ایک کمزور جماعت ہے ۔ جس کے باعث مرکزی حکومت ریاست میں صدر راج نافذ کرنے کی جرات نہیں کررہی ہے ۔ واضح رہے کہ جاریہ ہفتہ کے اوائل میں حکمران سماج وادی پارٹی میں شدید اختلافات منظر عام پر آگئے ہیں ۔ لکھنو میں یوم آزادی کی تقریب میں سماج واد پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو نے اپنے فرزند اور چیف منسٹر اکھلیش یادو کو اپنے چاچا شیوپال یادو ( ملائم کے بھائی ) کو نظر انداز کردینے پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا ۔ ملائم سنگھ نے یہ دھمکی دی تھی کہ اندرون ایک ہفتہ ان لیڈروں کی فہرست جاری کی جائے جنہیں پارٹی سے نکال دینے کی ضرورت ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT