Monday , September 25 2017
Home / Top Stories / مایوسی اور گمراہی کی وجہ سے نوجوانوں میں سرکشی کے جذبات

مایوسی اور گمراہی کی وجہ سے نوجوانوں میں سرکشی کے جذبات

بہتر دنیا کی تعمیر کیلئے نئی نسل کی توانائی سے استفادہ کرنے کی ضرورت: کیلاش ستیہ ورتھی
ممبئی ۔ 16 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نوبل انعام یافتہ کیلاش ستیہ ورتھی نے آج دنیا کو ایک بہتر مقام تک پہنچانے کیلئے نوجوانوں کی توانائی سے استفادہ کی ضرورت کو اجاگر کیا ہے اور کہاکہ نئی نسل میں عدم تحمل اور تشدد کارجحان فروغ پارہا ہے کیونکہ وہ تذبذب اور گمراہی کا شکار ہیں ۔ کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری کی ایک تقریب کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر ستیہ ورتھی نے کہا کہ آج کانوجوان جو کچھ بھی کر رہا ہے دراصل گمراہی یا پھر زندگی کا مقصد واضح نہ ہونے کا نتیجہ ہے کیونکہ وہ مسابقتی دنیا میں الجھن کا شکار اور مواقع اور امکانات سے محروم ہیں اوران کی یہ مایوسی پورے نظام سے بدظن کر رہا ہے جس کے باعث صبر و تحمل سے عاری اور تشدد کی سمت مائل ہوگئے ہیں۔ نوبل انعام یافتہ سماجی جہد کار نے کہا کہ ان کی غیر سرکاری تنظیم (این جی او) نے بچہ مزدوری اور استحصال کے خلاف ایک عالمی بیداری مہم شروع کی ہے۔ آن لائین اور آف لائین اس مہم کو 100 ملین برائے 100 ملین کا نام دیا گیا جس کا مقصد نوجوانوں میں ایک بہتر دنیا کی تعمیر کا جوش اور جذبہ پیدا کرنا ہے

اور اس مہم کے پس  پردہ یہ محرکات کارفرما ہے کہ 100 ملین نوجوانوں کا نقطہ نظر حاصل کیا جائے اور مزید بے سہارا 100 ملین بچوں کو حساس مسائل چائلڈ لیبر ، استحصال ، جنسی زیادتی اور بردہ فروشی سے آگاہ کیا جائے۔ مسٹر ستیہ ورتھی نے کہا کہ ایک بہتر دنیا کی تعمیر کیلئے نوجوانوں کے غم و غصہ کو ٹھنڈا کرتے ہوئے ان کی توانائیوں سے بھرپور استفادہ کیا جائے بصورت دیگر ایک دوسرے کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے اپنا وقت ضائع  کرتے رہیں اور یہ نوجوان 100 ملین بچوں کی آواز اور چمپین بن کر ابھرسکتے ہیں جو کہ تعلیم اور صحت کے بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ، سیول سوسائٹی اور کارپوریٹ شعبہ کو مشترکہ کوشش کر نی چاہئے کہ مصنوعات کی پیداوار اور سربراہی میں بچوں کا استحصال نہ کیا جائے اور جب کبھی کارپوریٹ ادارہ کوئی پراجکٹ شروع کرتا ہے اس بات کو یقینی بنانے کو ایک بھی بچہ تعلیم اور صحت سے محروم نہ ہو اور اس مقصد کے حصول کیلئے تینوں فریقوں کو متحد ہوجانا چاہئے۔

TOPPOPULARRECENT