Wednesday , September 20 2017
Home / Top Stories / متنازعہ ایم پی ادتیہ ناتھ چیف منسٹر یوپی نامزد، آج حلف برداری

متنازعہ ایم پی ادتیہ ناتھ چیف منسٹر یوپی نامزد، آج حلف برداری

لکھنؤ 18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے ایم پی یوگی ادتیہ ناتھ جو ہمیشہ اپنے اشتعال انگیز بیانات سے تنازعات میں گھرے رہتے ہیں، اُنھیں آج اترپردیش کا اگلا چیف منسٹر نامزد کیا گیا اور وہ اتوار کو حلف لیں گے۔ یوپی میں دو ڈپٹی چیف منسٹرس کیشو پرساد موریا اور دنیش شرما بھی ہوں گے۔ یوپی بی جے پی انچارج اوم ماتھر نے آج بی جے پی لیجسلیٹرس کے لیڈر کے انتخاب کے لئے منعقدہ میٹنگ کے بعد یہ بات بتائی۔ 5 مرتبہ کے لوک سبھا ایم پی ادتیہ ناتھ ہندوتوا کے شدت سے حامی سمجھے جانے والے لیڈر ہیں جنھوں نے کچھ ایسی ساکھ بنالی ہے تنازعات اُن کا پیچھا نہیں چھوڑتے۔ آج یوپی کے نئے چیف منسٹر کی حیثیت سے نامزد کئے جانے والے 44 سالہ ادتیہ ناتھ، یوگی سے سیاستداں بنے ہیں۔ وہ اپنی اشتعال انگیز تقاریر اور ریاست بھر میں ہجوم اکٹھا کرنے کے معاملہ میں معروف ہیں اور اُنھوں نے متنازعہ ریمارکس سے کبھی بچنے کی کوشش نہیں کی چاہے اسلام کے تعلق سے ہو یا پاکستان۔ اپنے روایتی زعفرانی رنگ کے لباس میں رہنے والے گورکھپور کے ایم پی ادتیہ ناتھ بی جے پی کے ہندوتوا والے ترقیاتی ایجنڈہ کو آگے بڑھانے کے لئے عظیم تر اقتدار کے لئے کوشاں رہے ہیں اور اب اُنھیں اِس کا موقع دیا جارہا ہے۔ اجئے سنگھ کے نام سے پیدا ہوئے پست قد اور ہمیشہ سر منڈھا ہوا رکھنے والے بی جے پی لیڈر ملک میں فرقہ پرستانہ سیاست کو زندہ رکھنے میں پیش پیش رہے ہیں۔ وہ ایودھیا کے متنازعہ مقام پر رام مندر کی تعمیر کے پرزور حامی ہیں۔ حالیہ اختتام پذیر اسمبلی چناؤ میں اُنھوں نے مشرقی یوپی میں بی جے پی کی ہندوتوا مہم چلائی۔ ادتیہ ناتھ کئی موقعوں پر اپنی پارٹی کے موقف کے خلاف بھی گئے لیکن ہندو ووٹروں میں اُن کے اثر کو دیکھتے ہوئے بی جے پی نے کبھی اُن کے خلاف کھلے طور پر تادیبی کارروائی نہیں کی۔ اُنھوں نے 2002 ء میں دائیں بازو کی تنظیم ہندو یووا واہنی تشکیل دی تھی۔ تب سے وہ اسٹوڈنٹ لیڈر سے پانچ مرتبہ کے ایم پی بننے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ 2015 ء میں عدم رواداری کے مباحث کے دوران اُنھوں نے بالی ووڈ ایکٹر شاہ رُخ خان کا پاکستانی دہشت گرد حافظ سعید سے تقابل کیا، اور اُسی سال ہندوستانی شہریوں سے کہاکہ اگر وہ سوریہ نمسکار کرنا نہیں چاہتے تو ملک چھوڑ دیں۔ اس طرح کے متعدد تنازعات کے ساتھ یوگی شہ سرخیوں میں رہے ہیں۔ اُنھوں نے ماقبل چناؤ مہم میں یہ بھی کہا تھا کہ لو جہاد اور کیرانہ کے ہندوؤں کا نقل مقام پارٹی کے ایجنڈہ پر ہے۔

’ سب کا ساتھ ‘ سب کا وکاس ‘ ادتیہ ناتھ
لکھنو ۔ 18 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام) : یو پی کے منتخبہ چیف منسٹر یوگی ادتیہ ناتھ نے کہا کہ وہ وزیراعظم نریندر مودی کے ’ سب کا ساتھ سب کا وکاس ‘ نعرہ پر کام کریں گے ۔ انہوں نے ریاست کے ترقی کی راہ پر گامزن ہونے کا یقین ظاہر کیا ۔ انہوں نے راج بھون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں اچھی حکمرانی فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔۔

TOPPOPULARRECENT