Monday , August 21 2017
Home / Top Stories / متنازعہ خودساختہ بھگوان چندرا سوامی کی گمنام موت

متنازعہ خودساختہ بھگوان چندرا سوامی کی گمنام موت

ایک وزیراعظم کے قریبی دوست اور دوسرے وزیراعظم کے قتل کے ملزم
نئی دہلی ۔ 23 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایک وزیراعظم کے قریبی دوست اور دوسرے وزیراعظم کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث خودساختہ و متنازعہ بھگوان چندرا سوامی کا آج انتقال ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق 66 سالہ چندرا سوامی جن کا قلب پر حملہ ہوا تھا آج اپالو ہاسپٹل میں آخری سانس لی۔ اپالو ہاسپٹل کے ایک بیان میں کہا گیا ہیکہ ’’روحانی پیشوا جگت آچاریہ 66 سالہ چندرا سوامی جی کچھ عرصہ سے علیل تھے اور حال ہی میں ان پر فالج کا اثر بھی ہوا تھا اور اعضاء رئیسی ناکام ہوگئے تھے‘‘۔ بیان میں مزید کہا گیا ہیکہ ’’ڈاکٹروں کی طرف سے کی گئی ممکنہ کوششوں کے باوجود ان کی حالت بگڑتی گئی اور بالآخر 2 بجکر 56 منٹ پر علالت سے جانبر نہ ہوسکے‘‘۔ چندراسوامی کا اصل نام نیمی چند تھا اور وہ علم نجوم و دست شناسی کیلئے مشہور تھے۔ ماضی میں اس وقت جب پی وی نرسمہا راؤ وزیراعظم کے عہدہ پر فائز تھے، چندرا سوامی کو غیرمعمولی اختیارات حاصل تھے اور وہ (چندرا سوامی) نرسمہا راؤ کے بااعتماد مددگاروں اور مشیروں میں شمار کئے جاتے تھے۔ اکثر تنازعات میں گھرے رہنے والے چندرا سوامی کا نام سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کے قتل کی تحقیقات میں بھی ابھرا تھا۔ راجیو گاندھی قتل کیس کی تحقیقات کرنے والے جین کمیشن نے اپنی رپورٹ کی ایک جلد اس واقعہ میں ان (چندرا سوامی) کے ملوث ہونے کے بارے میں درج کی تھی۔ سفید پوش خودساختہ بھگوان کے خلاف ایک طویل عرصہ سے مالیاتی بدعنوانیوں کے الزامات بھی منظرعام پر آتے رہے تھے۔  چندراسوامی جو حیدرآباد کے علاقہ نورخاں بازار ؍ عالیجاہ کوٹلہ میں پیدا ہوئے تھے اور سٹی کالج میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد لاپتہ ہوگئے تھے۔ کچھ عرصہ بعد مشہور جیوتشی کی حیثیت سے منظرعام پر آئے تھے۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہیکہ 1992ء میں بابری مسجد کے انہدام سے چند ہفتے قبل چندرا سوامی نے نرسمہا راؤ کی ایماء پر حیدرآباد میں کل ہند مجلس اتحادالمسلمین کے دفتر دارالسلام پہنچ کر صدر مجلس سلطان صلاح الدین اویسی سے بند کمرہ میں تنہا بات چیت کی تھی اور باہر نکل کر وہاں منتظر قومی و مقامی صحافت کے نمائندوں کے بڑے ہجوم سے کہا تھا کہ ’’اب معاملہ طئے ہوگیا ہے‘‘۔ بعدازاں دارالسلام کے میٹنگ ہال میں مجلس کے صدر صلاح الدین اویسی اور چندرا سوامی نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب بھی کیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT