Saturday , October 21 2017
Home / Top Stories / متوفی سپاہی مشتاق احمد کے خاندان کو 25لاکھ روپئے ایکس گریشیا

متوفی سپاہی مشتاق احمد کے خاندان کو 25لاکھ روپئے ایکس گریشیا

وجئے واڑہ ۔ 15فبروری ( پی ٹی آئی) برف پوش سرحدی پہاڑی سیاچن میں برفانی تودے گرنے کے سبب مہلوک ہندوستانی فوجی سپاہی مشتاق احمد کے خاندان کو حکومت آندھراپردیش نے 25لاکھ روپئے بطور ایکس گریشیا دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ آندھراپردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی صدارت میں آج یہاں منعقدہ کابینی اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری ایک بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مشتاق احمد کے خاندان کے ایک رکن کو سرکاری ملازمت بھی فراہم کی جائے گی ۔ کابینہ نے اپنے اجلاس میں متوفی سپاہی مشتاق احمد کو خراج عقیدت ادا کیا ۔ مشتاق احمد کا تعلق آندھراپردیش کے ضلع کرنول سے ہے‘ وہ اُن 10فوجی اہلکاروں میں شامل تھے جو اس ماہ کے اوائل کے دوران سیاچن میں برفانی تودے گرنے کے سبب ہلاک ہوگئے ۔ مشتاق احمد کی نعش آج شام ضلع کرنول کے نندیال ٹاؤن کو لائی گئی جہاں موضع پرناپلی میں کل مکمل پولیس اعزازات کے ساتھ تدفین عمل میں آئے گی ۔ ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے شہید ہونے والے سپاہی کی نعش حاصل کرنے کیلئے بیگم ایئرپورٹ پر آندھراپردیش یا تلنگانہ حکومت کا کوئی اہم  سرکاری نمائندہ موجود نہیں تھا اور نہ ہی سیاسی جماعتوں کے قائدین وہاں پہنچے تھے۔ اس رویہ کے خلاف پرنا پلی کے عوام نے سخت احتجاج کیا ۔

TOPPOPULARRECENT