Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / مجلس بلدیہ حیدرآباد میں الیکٹرانک ادائیگی کا غیرمعمولی اضافہ

مجلس بلدیہ حیدرآباد میں الیکٹرانک ادائیگی کا غیرمعمولی اضافہ

جی ایچ ایم سی کو ملک بھر میں سرفہرست ہونے کا اعزاز، کمشنر جناردھن ریڈی کی مبارکباد
حیدرآباد۔11ڈسمبر (سیاست نیوز) الکٹرانک اور کارڈ ادائیگیوں کے فروغ کی کوششوں میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے ملک میں پہلی مرتبہ نقد انعام کا اعلان کرتے ہوئے آن لائن وصول ہونے والی ادائیگیوں میں 84فیصد اضافہ ریکارڈ کیا ہے۔ حکومت کی جانب سے آن لائن اور نقد سے پاک ادائیگی کے فروغ کے اعلان کے بعد جی ایچ ایم سی کی جانب سے آن لائن ٹیکس و غیرہ ادا کرنے والوں کیلئے انعامات کی ترغیب کے بعد جملہ موصول ہونے والی رقومات میں 84فیصد حصہ پہنچنے پر ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے شہریوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں نقد سے پاک لین دین کے فروغ میں سب سے اہم کردار اداد کرنے والی بلدیات میں جی ایچ ایم سی شامل ہو چکی ہے اور ملک کی سر فہرست بلدیہ بن چکی ہے جس میں جملہ وصولی کا 84فیصد حصہ آن لائن وصول ہو رہا ہے۔ انہوںنے بتایا کہ ابتداء میں جملہ وصول ہونے والی رقومات میں آن لائن ادائیگیوں کا فیصد 12ہوا کرتا تھا جس میں ترغیبات کا اعلان کئے جانے کے بعد دوگنا اضافہ دیکھا گیا اور 8ڈسمبر تک 30فیصد ادائیگیاں آن لائن وصول ہونے لگیں جس پر اطمینان کا اظہار کیا جا رہا تھا لیکن 10ڈسمبر کو جو تفصیلات سامنے آئی ہیں وہ انتہائی حیرت انگیز ہیں کیونکہ آن لائن ادائیگی کا فیصد 84تک پہنچ چکا ہے جو کہ ملک کی کسی بھی بلدیہ میں سب سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے بتایا کہ گذشتہ ماہ مرکزی حکومت کی جانب سے کرنسی نوٹ کی تنسیخ کے اعلان کے بعد پیدا شدہ صورتحال میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے منسوخ کرنسی میں محصولات جائیداد کے بقایاجات کی ادائیگی کی سہولت کا اعلان کیا اور اس دوران 250کروڑ کی وصولی کے ذریعہ ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس وصولی کا ریکارڈ قائم کیا تھا اور اب نقد لین دین سے پاک بلدیہ کی تشکیل کیلئے کی جانے والی کوشش کو حاصل ہونے والی کامیابی سے جی ایچ ایم سی نے ایک اور ریکارڈ قائم کیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ آن لائن ادائیگی کو یقینی بنانے اور رقمی لین دین سے پاک بلدیات کی فہرست میں جی ایچ ایم سی کو شامل کرنے کیلئے اقدامات کے طور پر جی ایچ ایم سی نے جو انعام اور ترغیبات پیش کی ہیں اسی کے سبب شہریان نے آن لائن نظام ادائیگی کو اختیار کرتے ہوئے نقد لین دین سے پاک تجارت کے فروغ میں اپنا کلیدی کردار اد کیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد بہت جلد نقد رقم کے لین دین سے پاک ہو جائے گی اور اندرون ایک ہفتہ جی ایچ ایم سی نے 95فیصد وصولی آن لائن کرنے کا نشانہ مقرر کیا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ شہریان حیدرآباد کے تعاون سے اس نشانہ کی بھی تکمیل کرلی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT