Saturday , September 23 2017
Home / اضلاع کی خبریں / مجلس کی غنڈہ گردی کیخلاف کورٹلہ میں احتجاج

مجلس کی غنڈہ گردی کیخلاف کورٹلہ میں احتجاج

صحافی مبشرالدین پر حملہ کی مذمت، راستہ روکو مظاہرہ
کورٹلہ 5 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پریس کلب کورٹلہ کے زیراہتمام گریٹر حیدرآباد کے انتخابات کے موقع پر مجلس کے غنڈہ عناصر کی جانب سے جناب مبشرالدین خرم اسٹاف رپورٹر روزنامہ سیاست حیدرآباد پر کئے گئے حملہ کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے امبیڈکر مجسمہ کورٹلہ کے قریب اردو اور تلگو صحافیوں، الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں کی جانب سے دھرنا اور راستہ روکو احتجاج منظم کیا۔ تلگو اور اردو کے صحافی مجلس کے غنڈہ عناصر کی جانب سے روزنامہ سیاست کے رپورٹر جناب مبشرالدین خرم پر کئے گئے حملے کے خلاف مجلس کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے اور سیاست کے رپورٹر کے حملے میں ملوث افراد کو فوری حراست میں لیتے ہوئے قانونی کارروائی کا مطالبہ کررہے تھے۔ اس دھرنا پروگرام سے مخاطب کرتے ہوئے صدر پریس کلب کورٹلہ جناب ایم چندرشیکھر، سکریٹری جناب رنگا راؤ، سینئر صحافی جناب رام گوپال، جناب محمد عبدالسلیم فاروقی نامہ نگار سیاست کورٹلہ، جناب الیاس احمد خان، نامہ نگار منصف نے کہاکہ گریٹر حیدرآباد کے انتخابات کے موقع پر نیوز کوریج کرنے والے سیاست کے اسٹاف رپورٹر پر مجلس اتحاد المسلمین کے غنڈہ عناصر کی جانب سے کئے جانے والے حملے کی کورٹلہ پریس کلب سخت مذمت کرتی ہے۔ اُنھوں نے اسٹاف رپورٹر روزنامہ سیاست پر کئے گئے حملے میں ملوث افراد کو حراست میں لیتے ہوئے سخت قانونی کارروائی کرنے کی حکومت سے اپیل کی تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات رونما نہ ہونے پائیں۔ جناب محمد عبدالسلیم فاروقی نامہ نگار سیاست کورٹلہ نے اپنی تقریر میں کہاکہ صحافت جو جمہوریت کا چوتھا ستون ہے۔ صحافی پر حملے کے ذریعہ مجلس کے غنڈہ عناصر نے جمہوریت کا گلا گھونٹنے کی کوشش کی ہے۔ اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ جناب محمد عبدالمصور نامہ نگار سیاست کتھلاپور نے اس دھرنے میں شرکت کرتے ہوئے دھرنے کو کامیاب بنانے والے صحافیوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس دھرنا اور راستہ روکو احتجاج میں جناب شکاری رام کرشنا (آندھرا پربھا)، جناب عبدالمتین نامہ نگار (چرکالو)، جناب قاضی عزیز الدین، جناب محمد سلیمان نامہ نگار (رہنمائے دکن) ، جناب محمد انور صدیقی نامہ نگار راشٹریہ سہارا (کورٹلہ)، جناب سی لکشمن نامہ نگار آندھرا پربھا، جناب اے رامو نامہ نگار (ایناڈو)، جناب بی راجو نیوز 9 رپورٹر، جناب سی نوین ٹی وی 9 ، جناب محمد نجیب چندرا نیوز کے علاوہ تلگو اور اردو کے صحافیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

TOPPOPULARRECENT