Tuesday , August 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / مجھے مزید اچھی ٹینس کھیلنا ہے : مرے

مجھے مزید اچھی ٹینس کھیلنا ہے : مرے

لندن ، 12 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ومبلڈن کا ٹائٹل دوسری بار اپنے نام کرنے والے برطانوی ٹینس اسٹار اینڈی مرے کے بقول وہ ابھی اپنے کرئیر کے بہترین دور میں نہیں پہنچے ہیں۔ اینڈی کا کہنا ہے کہ ’’مجھے ایسا لگتا ہے کہ ابھی میں نے مزید اچھی ٹینس کھیلنا ہے اور میرے پاس مزید ٹورنمنٹس جیتنے کا موقع ہے۔‘‘ اینڈی کے مطابق ’’ہر کسی کو مختلف مراحل پر کامیابی ملتی ہے اور امید ہے کہ میری کامیابی کا دور بھی آنے والا ہے‘‘۔ اس سے قبل سابق برطانوی ٹینس کھلاڑی ٹم ہنمن نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اینڈی مرے دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی بن سکتے ہیں۔ ہنمن کا کہنا ہے کہ اینڈی اس جیت کو مستقبل میں مزید گرانڈ سلام جیتنے کیلئے بنیاد کے طور پر استعمال کر سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ اینڈی مرے نے اتوار کو ومبلڈن کے فائنل میں کناڈا کے میلوس راونک کو ہرا کر دوسری بار ومبلڈن کا سنگلز ٹائٹل جیت لیا ہے۔ 29 سالہ اینڈی نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے حریف کو آسانی سے سیدھے سٹوں میں شکست دے دی۔ اینڈی نے پہلا سٹ 6-4، دوسرا 7-6 اور تیسرا بھی 7-6 سے جیتا۔ اینڈی 1935ء کے بعد ایک سے زیادہ بار ومبلڈن ٹائٹل جیتنے والے پہلے برطانوی کھلاڑی بن گئے ہیں۔ میچ جیتنے کے بعد بات کرتے ہوئے اینڈی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہوگئے تھے۔ اتوار کے فائنل میں اینڈی نے میچ کے آغاز سے ہی اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور اپنے حریف کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔ خیال رہے کہ یہ مرے کا 11 واں گرانڈ سلام فائنل تھا اور نواک جوکویچ اور راجر فیڈرر کے ٹورنمنٹ سے باہر ہوجانے کے باعث یہ پہلا موقع تھا جب اینڈی اس فائنل میں فیورٹ کی حیثیت سے حصہ لے رہے تھے۔

TOPPOPULARRECENT