Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / محبوب حسین جگر ہال میں ہفتہ کو اسٹیم ایجوکیشن پر سمینار

محبوب حسین جگر ہال میں ہفتہ کو اسٹیم ایجوکیشن پر سمینار

ماہر تعلیم میر یونس علی کا خطاب ہوگا ، اساتذہ اور اولیائے طلبہ کے لیے بہترین موقع
حیدرآباد ۔ 18 ۔ مئی : ( نمائندہ خصوصی ) : نئی نسل کو روایتی طرز تعلیم کی بجائے عصری طرز تعلیم سے آراستہ کیا جائے تو یہ نہ صرف طلبہ ، اولیائے طلبہ کے لیے بلکہ سارے معاشرے کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا ۔ کسی چیز کو رٹ لینے یا ازبر کرلینے سے کوئی فائدہ نہیں ہوتا بلکہ سمجھنے اور اس کی تہہ تک پہنچنے سے فائدہ ہوتا ہے ۔ معلومات میں اضافہ ہوتا ہے ۔ طلبہ کی قابلیت اور صلاحیتیں بڑھتی ہیں ۔ آج کا دور سائنس و ٹکنالوجی کا دور ہے ایسے میں ہماری نوخیز نسل کو بہ یک وقت سائنس و ٹکنالوجی انجینئرنگ اور میاتھس ( ریاضی ) میں مہارت پیدا کرانا ضروری ہے ۔ اگر ابتدائی تعلیم سے ہی ان میں ان مضامین میں مہارت پیدا کی جائے تو وہ ایک ماہر آئی ٹی ، سائنس ، انجینئرنگ اور ریاضی کے ماہر بن کر نکل سکتے ہیں ۔ فی الوقت Stem Education ( سائنس ، ٹکنالوجی ، انجینئرنگ اور میاتھس ) کا طریقہ تعلیم مقبولیت حاصل کرتا جارہا ہے ۔ ان چاروں مضامین کی بنیاد پر نصاب تیار کر کے طلبہ کو پڑھایا جارہا ہے ۔ ممتاز ماہر تعلیم اور فروغ انسانی وسائل کے شعبہ میں غیر معمولی تجربہ کے حامل میر یونس علی فاضل کے مطابق موجودہ دور مسابقت کا دور ہے جس میں طلبہ کو ابتداء سے ہی سائنس ، ٹکنالوجی ، انجینئرنگ اور ریاضی پر مبنی نصاب پڑھانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔ امریکہ جیسے ترقی یافتہ ملک میں اسٹیم ایجوکیشن تیزی سے فروغ پارہا ہے ۔ واضح رہے کہ میر یونس علی کا تعلق ضلع کریم نگر سے ہے ۔ انہوں نے لطیفہ اسکول کریم نگر ، گورنمنٹ ہائی اسکول کریم نگر اور گورنمنٹ جونیر کالج سائنس ونگ اردو میڈیم کریم نگر سے تعلیم حاصل کی اور انہیں اردو میڈیم سے تعلیم حاصل کرنے پر فخر ہے ۔ انہوں نے APGS سرویس کناڈا میں ایچ آر منیجر اسسٹنٹ پروفیسر کے ایف یو پی ایم یونیورسٹی دہران اسسٹنٹ پروفیسر EFFAT یونیورسٹی جدہ کی حیثیت سے نمایاں خدمات انجام دیں ۔ وہ اسٹیم ایجوکیشن کے ماہر تصور کیے جاتے ہیں ۔ ہفتہ 20 مئی کو روزنامہ سیاست کے محبوب حسین جگر ہال میں میر یوسف علی کے لکچر کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ شام 5 بجے سے شروع ہونے والا یہ لکچر امید ہے کہ طلبہ اولیائے طلبہ ، سرکاری و خانگی اسکولوں کے اساتذہ کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا ۔ میر یونس علی کے مطابق عصر حاضر میں ابتدائی تعلیم کے دوران ہی اسٹیم ایجوکیشن کو اپنانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ اس لکچر کا عنوان ’ ابتدائی تعلیم میں اسٹیم ایجوکیشن کی اہمیت اور ضرورت ‘ رکھا گیا ہے ۔ داخلہ مفت رہے گا ۔۔

TOPPOPULARRECENT