Tuesday , October 24 2017
Home / اضلاع کی خبریں / محبوب نگر میں نوجوان کا بہیمانہ قتل

محبوب نگر میں نوجوان کا بہیمانہ قتل

دواخانہ کے روبرو نعش کے ساتھ افراد خاندان کا احتجاج ، پولیس مصروف تحقیقات

محبوب نگر ۔ /24 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر محبوب نگر کے سرکاری دواخانہ کے روبرو انتہائی مصروف ترین حیدرآباد روڈ پر ایک نوجوان کے بے رحمانہ قتل کا واقعہ پیش آیا ۔ ڈی ایس پی کرشنا مورتی سے ملی تفصیلات کے مطابق وجئے 30 سالہ جوکیشاپور پنچایت ، کوئل کنڈہ منڈل کا ساکن ہے گزشتہ کچھ عرصہ سے مستقر محبوب نگر کے ٹیچرس کالونی میں مقیم تھا ۔ رئیل اسٹیٹ کے علاوہ فینانس کے کاروبار چلایا کرتا تھا ۔ کل رات 8 بجے شب اپنے کسی کام پر گورنمنٹ ہیڈ کوارٹر ہاسپٹل کے قریب آیا تھا کہ فلمی انداز میں نامعلوم حملہ آواروں نے تیز دھاری دار ہتھیار سے اچانک حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں وجئے مقام واردات پر ہی ہلاک ہوگیا ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ٹو ٹاؤن کے سرکل انسپکٹر پولیس سوم نارائن سنگھ اور ایس آئی مرلی نے مقام واردات پر پہونچ کر نعش کا پنچنانہ کیا ۔ نعش کو سرکاری دواخانہ منتقل کیا ۔ ڈی ایس پی کرشنا مورتی نے فینانس اور رئیل اسٹیٹ کاروبار کو قتل کی وجوہات کا شبہ ظاہر کیا ۔ پولیس نے تمام زاویوں سے قتل کی وجوہات کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔ بھری سڑک پر قتل کی سنگین واردات اور خون میں لت پت نعش کو دیکھ کر راستہ چلنے والوں میں سراسمیگی دیکھی گئی ۔ آج دوپہر میں مقتول کے ارکان خاندان نے سرکاری دواخانہ کے روبرو نعش کے ساتھ زبردست احتجاج کیا اور فوری قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔ جس کے نتیجہ میں مصروف ترین سڑک پر زائد از ایک گھنٹہ ٹریفک میں خلل پڑا ۔ تاہم مقامی پولیس نے قاتلوں کی گرفتاری کا تیقن دیتے ہوئے احتجاج ختم کرادیا ۔

TOPPOPULARRECENT