Sunday , September 24 2017
Home / جرائم و حادثات / محبوب گنج ملک پیٹ میں محکمہ اوزان و پیمائش کا دھاوا

محبوب گنج ملک پیٹ میں محکمہ اوزان و پیمائش کا دھاوا

ترازو میں دھاندلیوں کے خلاف کارروائی، مقدمہ درج
حیدرآباد 9 مئی (سیاست نیوز) ایسٹ زون پولیس نے محکمہ اوزان و پیمائش کے ہمراہ ملک پیٹ محبوب گنج میں آج کارڈن سرچ آپریشن کیا جس میں 45 مشتبہ موٹر سیکلوں کو ضبط کرتے ہوئے 66 ترازو ضبط کئے گئے۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنا جو ایسٹ زون کے بھی انچارج ہیں کی قیادت میں محبوب منشن مارکٹ میں آج 4 گھنٹے تک ہر دکان کی تلاشی لی گئی جس میں محکمہ اوزان و پیمائش کے عہدیداروں نے 66 تاجرین کی دوکانات میں استعمال کئے جانے والے ترازو میں بے قاعدگی پائے جانے پر اُنھیں ضبط کرلیا۔ اِس کارروائی میں پولیس نے کئی ادرک لہسن پیسٹ کی دوکانات پر بھی دھاوے کئے جہاں ملاوٹ شدہ ادرک لہسن پیسٹ فروخت کرنے کا دعویٰ کیا گیا۔ شام 5 بجے کارڈن سرچ آپریشن کا آغاز ہوا اور رات 9 بجے تک یہ آپریشن جاری رہا جس کے دوران پولیس نے مارکٹ میں موجود ایسی 45 گاڑیوں کو ضبط کرلیا جن کے دستاویزات موجود نہیں تھے۔ پولیس نے اِس کارروائی میں 4 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے لیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس مسٹر ستیہ نارائنا نے بتایا کہ کارڈن سرچ آپریشن میں پہلی مرتبہ ٹریفک پولیس عملے کو بھی شامل کیا گیا اور اِس کارروائی میں تاجرین کے ترازوؤں میں بے قاعدگیاں پائے جانے پر اُن کے خلاف مقدمات درج کئے جارہے ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ پولیس کارڈن سرچ کے آغاز کے بعد ہی کئی تاجر وہاں سے فرار ہوگئے۔ مسٹر ستیہ نارائنا نے کہاکہ ادرک لہسن پیسٹ ناکارہ آلو اور کمیکلس کی مدد سے تیار کیا جارہا ہے جو صحت کے لئے مضر ہے۔

TOPPOPULARRECENT