Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / محفل خواتین کا ماہانہ ادبی اجلاس و مشاعرہ

محفل خواتین کا ماہانہ ادبی اجلاس و مشاعرہ

پروفیسر اشرف رفیع ، ڈاکٹر اودیش رانی ، حمیرا جلیلی کو تہنیت کی پیشکشی
حیدرآباد ۔ 17 ۔ اگست : ( راست ) : محفل خواتین نے نامور شخصیتوں کو تہنیت پیش کر کے ادب نوازی کا ثبوت دیا ہے ۔ نیک نیتی سے کیا جانے والا کام اپنا راستہ خود تلاش کرلیتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر فاطمہ پروین صدر جلسہ نے کیا ۔ یہ محفل 13 اگست کو اردو ہال میں منعقد ہوئی ۔ انہوں نے مزید کہا محفل خواتین ادب کے تئیں بہترین کام انجام دے رہی ہیں ۔ جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے ۔ مہمانان خصوصی محترمہ نصرت شروانی نے محفل کی ستائش کرتے ہوئے اسے ایک منفرد محفل قرار دیا ۔ محترمہ لکشمی دیوی راج نے اردو زبان کی اہمیت کو واضح کیا اور اپنے بچوں کو اردو پڑھانے پر زور دیا ۔ ڈاکٹر نجم السحر نے اراکین محفل کو مبارکباد پیش کیا ۔ ڈاکٹر آمنہ تحسین نے تہنیت پانے والی خواتین کے بارے میں کہا کہ ان خواتین کے علمی ، ادبی کارنامے ، لسانیات ، دکنیات ، علم و ادب کا وسیع دائرہ ہے جس کا مطالعہ اہم ہے ۔ ڈاکٹر عسکری صفدر نے پروفیسر اشرف رفیع کی شخصیت اور ادبی کارناموں پر اظہار خیال کیا ۔ محترمہ نسیمہ تراب الحسن نے ڈاکٹر اودیش رانی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ پروفیسر حبیب ضیا نے ڈاکٹر حمیرا جلیلی کا تفصیلی تعارف پیش کرتے ہوئے ان کے علمی ، ادبی و فلاحی کارناموں کا مبسوط جائزہ لیا ۔ ادبی اجلاس کی کارروائی محترمہ تسنیم جوہر نے انجام دی ۔ محفل کی جانب سے پروفیسر اشرف رفیع ، ڈاکٹر اودیش رانی ، حمیرا جلیلی کو ان کی ادبی ، علمی خدمات و ایوارڈ کے لیے تہنیت پیش کی گئی اور تحائف پیش کئے گئے ۔ ان تینوں اکابرین ادب نے محفل خواتین کے دن بدن ترقی پذیر ہونے پر مبادکباد پیش کی ۔ بعد ازاں محترمہ مظفر النساء ناز کی نظامت میں محفل مشاعرہ منعقد ہوا ۔ جس میں عطیہ مجیب عارفی ، عاتکہ نور ، آمنہ سحر ، تجمل فاطمہ ، خیر النساء علیم ، عاصمہ خلیل ، مظفر النساء ناز ، ممتاز جہاں اور تسنیم جوہر نے اپنا کلام پیش کیا ۔ محترمہ ممتاز جہاں نے پروفیسر اشرف رفیع کا کلام سناکر خواب داد وصول کی ۔ محترمہ عطیہ نور الحق کے شکریہ کے ساتھ یہ خوشگوار محفل اختتام کو پہنچی ۔ اس جلسہ میں ادب نواز خواتین کی کثیر تعداد شریک تھی ۔۔

TOPPOPULARRECENT