Wednesday , August 23 2017
Home / شہر کی خبریں / محمد احمدشریف آندھراپردیش وقف بورڈ کے متوقع چیرمین

محمد احمدشریف آندھراپردیش وقف بورڈ کے متوقع چیرمین

ریاستی حج کمیٹی کی تشکیل، 14 رکنی کمیٹی میں 12 غیر سرکاری افراد
حیدرآباد۔/17مارچ، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش حج کمیٹی کے صدرنشین کی حیثیت سے جناب محمد احمد شریف رکن قانون ساز کونسل کے انتخاب کا امکان ہے۔ آندھرا پردیش حکومت نے ریاستی حج کمیٹی کی تشکیل عمل میں لائی ہے اور صدرنشین کے علاوہ 14ارکان کو نامزد کیا ہے۔ اس سلسلہ میں جی او آر ٹی 43جاری کیا گیا۔ 14ارکان میں 12 غیر سرکاری افراد ہیں جن میں سے صدرنشین کا انتخاب کیا جائے گا۔ ایکزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی کو صدرنشین کے انتخاب کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ آندھرا پردیش حج کمیٹی نے نامزد کئے گئے 12ارکان میں محمد احمد شریف رکن قانون ساز کونسل نرسا پورم مغربی گوداوری، شیخ مستان شریف زیڈ پی ٹی سی گنٹور، ٹی محبوب صاحب ایم پی ٹی سی کدری اننت پور، شیخ اکبر باشاہ نائب ایم پی پی گنٹور، مولانا الیاس نیلور، مفتی فاروق وجئے واڑہ، کے محمد رفیع نندیال، عبدل چنا رحمن وشاکھاپٹنم، مومن احمد حسین سری سیلم کرنول، حاجی شیخ حسان باشاہ گنٹور، سید شاہ مخدوم بخاری کڑپہ اور کے محمد عثمان ادونی کرنول شامل ہیں۔ وقف بورڈ کے عہدیدار مجاز حج کمیٹی کے رکن ہوں گے۔

 

جبکہ ایکزیکیٹو آفیسر ممبر کنوینر ہوں گے۔ کمیٹی کی میعاد جائزہ حاصل کرنے کے دن سے تین سال ہوگی۔ کمیٹی محکمہ اقلیتی بہبود کے تحت خدمات انجام دے گی۔ آندھرا پردیش حکومت نے ایکزیکیٹو آفیسر کا تقرر نہیں کیا ہے لہذا تلنگانہ کے اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور آندھرا پردیش کے ایکزیکیٹو آفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔ موجودہ نامزد ارکان میں سے توقع ہے کہ محمد احمد شریف ایم ایل سی کو حج کمیٹی کا صدرنشین منتخب کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ حج سیزن 2016کی سرگرمیوں کا آغاز ہوچکا ہے اور آندھرا پردیش کے عازمین حج حیدرآباد سے ہی روانہ ہوں گے۔ آندھرا پردیش حکومت نے حج کمیٹی کی تشکیل کے ذریعہ پہلے کسی اقلیتی ادارہ پر تقررات کا آغاز کیا ہے۔ حج کمیٹی کی تشکیل کا مقصد جاریہ سال آندھرا پردیش کے عازمین حج کیلئے بہتر خدمات کو یقینی بنانا ہے۔ گزشتہ سال آندھرا پردیش کے عازمین حج کے بہتر انتظامات کیلئے شیخ محمد اقبال ( آئی پی ایس) اور احمد شریف ایم ایل سی نے مساعی کی تھی۔

TOPPOPULARRECENT