Monday , June 26 2017
Home / کھیل کی خبریں / محمد سراج نے حیدرآبادی کرکٹرس میں نیا جوش پیدا کردیا

محمد سراج نے حیدرآبادی کرکٹرس میں نیا جوش پیدا کردیا

حیدرآباد ۔ 21 فبروری۔(سیاست ڈاٹ کام) کرکٹ کئی نوجوانوں کے لئے شہرت ، دولت اور شاندار کیرئیر کا ایک بہترین ذریعہ ہے یہ حقیقت محمد سراج کے آئی پی ایل کے دسویں ایڈیشن کے لئے سن رائیزرس حیدرآباد کیلئے 2.6 کروڑ روپئے میں منتخب ہونے پر صحیح ثابت ہوئی ہے ۔ شہر حیدرآباد کے مقام فرسٹ لانسر سے تعلق رکھنے والے محمد سراج کا حیدرآباد کی آئی پی ایل ٹیم کیلئے کروڑہا روپیوں کا معاہدہ صرف محمد سراج کی تنہا کامیابی نہیں ہے بلکہ حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن سے مسلمہ بیسوں چھوٹے اور بڑے کرکٹ کلبوں میں اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے میں دن رات محنت کرنے والے سینکڑوں نوجوان کرکٹرس کیلئے ایک نئی اُمید کی کرن ثابت ہوا ہے ۔ محمد سراج جو ایک باصلاحیت فاسٹ بولر ہیں جنھوں نے حالیہ رانجی ٹرافی میں شاندار مظاہروں کے ذریعہ ارباب مجاز کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی تھی اور گزشتہ روز آئی پی ایل میں منتخب ہونے کے بعد وہ میڈیااسٹار بن گئے ۔ اسپورٹس صحافیوں ، کوچز ، دکنی فلموں کے سوپر اسٹار گلودادا (عدنان ساجد) کے علاوہ نوجوان کرکٹرس کی جانب سے انہیں مبارکبادی کے پیغامات کاسوشل میڈیا پر ایک سیلاب اُمڈ پڑا ہے ۔ ارشد ایوب کرکٹ اکیڈیمی اور ایچ سی اے کے مسلمہ کوچ محمد بلال احمد جنھوں نے انٹر ڈسٹرکٹ چمپیئن شپ جوکہ پونگل ٹرافی 2017 ء کے نام سے جنوری میں منعقد ہوئی تھی اس کے لئے سراج کو مہمان خصوصی کے طورپر مدعو کیا تھا جہاں کئی نوجوان کرکٹرس کے لئے سراج ایک سوپر اسٹار کا درجہ رکھتے تھے ۔ کوچ بلال نے کہاکہ محمد سراج کا انتخاب حیدرآبادی کرکٹ میں ایک نئی جان پھونکنے کا کام کرے گا ۔ پونگل ٹرافی میں آل راؤنڈر کااعزاز حاصل کرنے والے ویسلی کالج کے نوجوان کرکٹر محمد مدثر احمد نے اس موقع پر کہا کہ محمد سراج سے انھوں نے اپنا ایوارڈ حاصل کیا تھا لیکن اب ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہمارے سینئر نے ہمارے لئے ایک راہ آسان کردی ہے اور ثابت کردیا ہے کہ محنت رائیگاں نہیں جاتی ۔ محمد سراج کے انتخاب کے بعد حیدرآباد میں موجود کرکٹ کلبوں و اکیڈیموں سے منسلک کوچز اور کرکٹرس میں ایک نیا جوش و جذبہ پیدا ہوگیا ہے اور اُمید کی جارہی ہے کہ مستقبل قریب میں حیدرآباد محمد سراج کی طرح کئی اور باصلاحیت کرکٹرس کو آئی پی ایل کی راہ کے ذریعہ ہندوستانی ٹیم کو فراہم کرے گا ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT