Saturday , August 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / محمد سمیع کا دورۂ آسٹریلیا کیلئے انتخاب توجہ کا مرکز

محمد سمیع کا دورۂ آسٹریلیا کیلئے انتخاب توجہ کا مرکز

پانچ ونڈے اور تین ٹوئنٹی 20 مقابلوں کیلئے آج ہندوستانی ٹیم کا انتخاب
نئی دہلی ۔ 18 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) فاسٹ بولر محمد سمیع جنھوں نے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں منعقدہ ونڈے ورلڈ کپ میں زخمی ہونے کے بعد اپنے گھٹنے کی سرجری کروائی تھی اور وہ اس زخم سے صحتیاب ہوکر وجئے ہزارے ٹرافی میں دو مقابلے کھیلے ہیں جس میں اُترپردیش کے خلاف 10 اوورس میں 52 رنز کے عوض 2 اور مدھیہ پردیش کے خلاف 8 اوورس میں 40 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی ہے اور اب وہ کل یہاں آسٹریلیا کے خلاف ونڈے اور ٹوئنٹی 20 سیریز کے دورے کیلئے منتخب کی جانے والی ہندوستانی ٹیم میں توجہ کامرکز ہوں گے ۔ ہندوستانی ٹیم مہندر سنگھ دھونی کی قیادت میں آسٹریلیا کا دورہ کرے گی جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف پانچ ونڈے اور تین ٹوئنٹی 20 مقابلے کھیلے گی جس کا 12 جنوری کو آغاز ہورہا ہے ۔ فاسٹ بولنگ شعبہ میں محمد سمیع کی واپسی توجہ کا مرکز ہے کیونکہ ورلڈ کپ کے بعد سے وہ ٹیم میں شامل نہیں ہے اور اس دوران اُمیش یادو ، بھوبنیشور کمار اور موہت شرما اہم بولروں کی شکل میں سامنے آئے ہیں۔

محمد سمیع کے علاوہ فاسٹ بولنگ شعبہ میں ایشانت شرما کی واپسی کی بھی اُمید کی جارہی ہے کیونکہ انھوں نے رواں سیزن گھریلو کرکٹ کے علاوہ ٹسٹ سیریز میں بھی بہتر مظاہرے کئے ہیں اور اُمید ہے کہ تقریباً ایک سال کے بعد ایشانت شرما کی بھی دورۂ آسٹریلیا کیلئے ہندوستانی ٹیم میں واپسی ہوگی ۔ جن کھلاڑیوں کی ٹیم میں واپسی ہوسکتی ہے ان میں ایک اہم نام رویندر جڈیجہ کا بھی ہے جنھوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ منعقدہ ٹسٹ سیریز میں شاندار مظاہروں کے ذریعہ سلیکٹروں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی ہے ۔ محمد سمیع اور اسپنرس جڈیجہ کے علاوہ مرلی وجئے کو بھی مڈل آرڈر کیلئے منتخب کیا جاسکتا ہے

اور دوسرا امکان یہ بھی ہے کہ شکھر دھون کے مسلسل ناقص فام کے بعد مرلی وجئے کو دورۂ آسٹریلیا کیلئے موقع دیا جاسکتا ہے کیونکہ میزبان ٹیم کے خلاف ٹسٹ سیریز میں ان کے مظاہرے کافی بہتر رہے۔ 27 سالہ جڈیجہ نے جنوبی افریقہ کے خلاف منعقدہ ٹسٹ سیریز میں 23 وکٹیں حاصل کرنے کے علاوہ 109 رنزبھی اسکور کئے ہیں اور اب ان کی ٹیم میں اکشر پٹیل کے مقام پر واپسی متوقع ہے جو ٹیم میں دوسرے اسپنر کا مقام حاصل کریں گے جبکہ پہلے مقام کیلئے روی چندرن اشون پہلی پسند ہیں ۔ ٹیم میں تیسرے اسپنر کے مقام کیلئے سینئر اسپنر ہربھجن سنگھ اور امیت مشرا کے درمیان مسابقتی دوڑ ہوگی ۔ جیسا کہ ہربھجن سنگھ نے جنوبی افریقہ کے خلاف چار مقابلوں میں 5.30 کی اوسط سے رنز دیتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ جن کھلاڑیوں کا انتخاب یقینی دکھائی دیتا ہے ان میں روہت شرما ، ویراٹ کوہلی ، اجنکیا رہانے ، سریش رائنا کے ہمراہ کپتان مہندر سنگھ دھونی شامل ہیںجبکہ 16 رکنی ٹیم میں کچھ غیرمتوقع فیصلے بھی ممکن ہیں۔ اُمید کی جارہی ہے کہ ورلڈ کپ کے پیش نظر شاندار فام کا مظاہرہ کرنے والے سینئر بیٹسمین یوراج سنگھ کو بھی طلب کیا جاسکتا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT