Tuesday , October 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / محمد سمیع کی دورۂ آسٹریلیا کیلئے ہندوستانی ٹیم میں واپسی

محمد سمیع کی دورۂ آسٹریلیا کیلئے ہندوستانی ٹیم میں واپسی

یوراج سنگھ اور رویندر جڈیجہ سلیکٹروں کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب
نئی دہلی ۔ 19 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) فاسٹ بولر محمد سمیع کے دورۂ آسٹریلیا کیلئے معلنہ ہندوستانی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے ۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں منعقدہ آئی سی سی ونڈے ورلڈ کپ کے دوران زخمی ہونے والے محمد سمیع کی ہندوستانی ٹیم میں تقریباً ایک برس بعد واپسی ہورہی ہے۔ جن کھلاڑیوں کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے اُن میں آل راؤنڈر جڈیجہ بھی ہیں ۔ جڈیجہ کو ونڈے اور ٹوئنٹی 20 ٹیم میں طلب کیا گیا ہے حالانکہ جنوبی افریقی ٹیم کے خلاف وہ ونڈے اور ٹوئنٹی 20 ٹیم کا حصہ نہیں تھے لیکن مہمان ٹیم کے خلاف منعقدہ ٹسٹ سیریز میں ان کی شاندار کارکردگی نے انھیں دوبارہ ہندوستان کی محدود اوورس کی ٹیم میں واپسی کا موقع فراہم کیا ہے ۔ بائیں ہاتھ سے دھیمی بولنگ کرنے والے جڈیجہ کو اس لئے بھی ٹیم میں طلب کیا گیا ہے کیونکہ وہ وکٹ ٹو وکٹ بولنگ کرتے ہیں اور آسٹریلیا کی وکٹوں پر جہاں اسپنرس کیلئے زیادہ مدد نہیں رہتی وہاں اس طرح کی بولنگ سودمند ثابت ہوسکتی ہے ۔

ان کے بولنگ کے خلاف تیزی سے رنز بنانے کیلئے بیٹسمین کو جوکھم اُٹھاناپڑتا ہے لہذا سلیکٹروں نے ورلڈ کپ کے تناظر میں جڈیجہ کو دونوں طرز کی ٹیم میں جگہ دی ہے ۔ جڈیجہ ٹیم میں موجود صف اول کے اسپنر روی چندرن اشون کے ساتھ قطعی 11 کھلاڑیوں میں شامل رہیں گے ۔ گزشتہ روز جیسا کہ اُمید کی جارہی تھی کہ ٹیم میں تیسرے اسپنرس کو بھی موقع دیا جائے گا ، تاہم ونڈے اور ٹوئنٹی 20 میں بالترتیب اکثر پٹیل اور ہربھجن سنگھ کو شامل کیا گیا ہے جبکہ اسپن شعبہ میں امیت مشرا جگہ بنانے میں ناکام رہے ۔ ونڈے ٹیم اور ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت مہندر سنگھ دھونی کررہے ہیں ۔ شکھر دھون کو ناقص فام کے باوجود دونوں ٹیموں میں برقرار رکھا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں ٹوئنٹی 20 ٹیم میں یوراج سنگھ کی واپسی ہوئی ہے ۔ ونڈے ٹیم میں ویراٹ کوہلی نائب کپتان ہوں گے جبکہ شکھر دھون اور روہت شرما اننگز کا آغاز کریں گے ۔ مڈل آرڈر میں اجنکیا رہانے ، منیش پانڈے کے ذریعہ ٹیم کو تقویت دینے کی کوشش کی گئی ہے حالانکہ مرلی وجئے کا نام بھی گشت کررہا تھا لیکن وہ سلیکٹروں کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہے ۔ سریش رائنا کو صرف ٹوئنٹی 20 کی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔ آئندہ ماہ آسٹریلیا کے خلاف پانچ ونڈے اور تین ٹوئنٹی 20 کیلئے ٹیم کے انتخاب میں سینئر اور جونیر کھلاڑیوں کو موقع دینے کی پالیسی اختیار کی گئی ہے ۔

ونڈے ٹیم : مہندر سنگھ دھونی (کپتان و وکٹ کیپر) ، ویراٹ کوہلی ، روہت شرما ، شکھر دھون ، اجنکیا رہانے ، منیش پانڈے ، روی چندرن اشون ، محمد سمیع ، اُمیش یادو، رویندر جڈیجہ ، اکشر پٹیل ، ایشانت شرما ، گرکریت سنگھ ، رشی دھون ، بریندر سران ۔
ٹوئنٹی 20 ٹیم : مہندر سنگھ دھونی (کپتان و وکٹ کیپر) ، ویراٹ کوہلی ، روہت شرما ، شکھر دھون ، اجنکیا رہانے ، یوراج سنگھ ، سریش رائنا ، روی چندرن اشون ، رویندر جڈیجہ ، محمد سمیع ، ہربھجن سنگھ ، اُمیش یادو ، ہردیپ پانڈے ، بھونیشور کمار اور آشیش نہرا ۔

TOPPOPULARRECENT