Thursday , August 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / محمد سمیع کی چوتھے ٹسٹ میں شمولیت !

محمد سمیع کی چوتھے ٹسٹ میں شمولیت !

دھرمشالہ ۔22 مارچ۔(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم جسے آسٹریلیا کے خلاف چوتھے ٹسٹ میں کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے تاکہ بارڈر ۔ گواسکر ٹرافی پر قبضہ جمایا جاسکے اور وہ محمد سمیع کی شمولیت سے اپنے فاسٹ بولنگ شعبہ کو مضبوط بنانے کی خواہاں ہے ۔ محمد سمیع نے آخری مرتبہ نومبر 2016 ء میں ہندوستان کی ٹسٹ ٹیم میں نمائندگی کی تھی تاہم وہ اس وقت دھرمشالہ میں ٹیم کے ساتھ موجود ہیں۔ ہندوستانی ٹیم دھرمشالہ آسٹریلیائی ٹیم سے ایک دن قبل پہونچی ہے اور سمیع ٹیم کے ساتھ موجود ہے جبکہ میزبان ٹیم میں ایشانت شرما ، اُمیش یادو اور بھونیشور کمار پہلے سے موجود ہیں۔ محمد سمیع کی شمولیت کے امکانات اس لئے روشن ہیں کیونکہ ہماچل پردیش کرکٹ اسوسی ایشن اسٹیڈیم کے کیوریٹر سنیل چوہان نے اشارہ دیا ہے کہ یہاں کی وکٹ فاسٹ بولروں کیلئے سازگار رہے گی کیونکہ اس وکٹ پر رفتار اور اُچھال بہتر رہے گا ۔ میڈیا سے اظہارخیال کرتے ہوئے چوہان نے کہاکہ یہاں کی وکٹ فاسٹ بولروں کیلئے رانجی ٹرافی میں کافی سازگار تھی جس کی وجہ سے بیٹسمینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا  پڑا ۔ ان حالات میں محمد سمیع کی قطعی گیارہ کھلاڑیوں میں شمولیت یقینی دکھائی دے رہی ہے کیونکہ گزشتہ مقابلے کے اختتام پر ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی نے محمد سمیع کی شمولیت کی خواہش کا بھی اظہار کیا ہے کیونکہ پیر کو کھیلے گئے وجئے ہزارے ٹرافی کے فائنل میں بنگال کی نمائندگی کرتے ہوئے محمد سمیع نے ٹاملناڈو کے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔ محمد سمیع گھٹنے کے زخم سے صحتیاب ہوکر کامیاب واپسی کرچکے ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT